عمران خان کو کل جسمانی ریمانڈ کے لیے احتساب عدالت پیش کیا جائے گا کل عدالت میں عمران خان کی میڈیکل رپورٹ بھی پیش کی جائے گی۔نیب حکام

لاہور پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کو کل جسمانی ریمانڈ کے لیے احتساب عدالت میں پیش کیا جائے گا ۔نیب حکام کے مطابق عدالت کا وقت ختم ہو چکا ہے اس لیے کل عمران خان کو عدالت میں پیش کیا جائے گا۔نیب کی جانب سے عمران خان کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی جائے گی۔نیب حکام کے مطابق عمران خان کے طبی معائنے کے لیے میڈیکل بورڈ بھی تشکیل دے دیا گیا ہے۔

کل عدالت میں عمران خان کی میڈیکل رپورٹ بھی پیش کی جائے گی۔دوسری جانب چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان کی گرفتاری کے بعد نیب کا اعلامیہ بھی سامنے آ گیا،نیب اعلامیہ کے مطابق عمران خان کی گرفتاری کی ہدایت چئیرمین نیب نے دی۔ عمران خان کے وارنٹ گرفتاری آئی جی پنجاب کو بھیجے گئے۔

وارنٹ گرفتاری نیب لاہور اور نیب راولپنڈی کو بھی بھیجے گئے۔

عمران خان پر کرپشن اور کرپٹ پریکٹسز میں ملوث ہونے کا الزام ہے۔ اعلامیہ کے مطابق عمران خان کو نیب آرڈیننس کی شق 34 اے ، 18 ای اور 24 اے کے تحت گرفتار کیا گیا،عمران خان پر نیب آرڈیننس 1999 کے سیکشن 9 اے کے تحت کرپشن اور بدعنوانی کا الزام ہے۔ عمران خان کی گرفتاری کے لیے احکامات یکم مئی کو جاری کیے گئے تھے۔ جب کہ آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ عمران خان کو القادر ٹرسٹ کیس میں گرفتار کیا گیا،حالات معمول کے مطابق ہیں۔

آئی جی اسلام آباد نے مزید کہا کہ اسلام آباد میں دفعہ 144 نافذ العمل ہے،کسی بھی فرد پر تشدد نہیں کیا گیا۔دفعہ 144 کی خلاف ورزی کی صورت میں کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ یاد رہے کہ نیب نے القادر ٹرسٹ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو گرفتار کیا ہے،رینجرز نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے احاطے سے سابق وزیراعظم کو حراست میں لیا۔

Spread the love

اپنا تبصرہ بھیجیں