اے این پی کے رہنما ایمل ولی خان نے کہا ہے کہ انصاف کا سلسلہ اسی طرح رہا تو عوام سپریم کورٹ کو آگ لگا دیں گے۔
تفصیلات کے مطابق عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر ایمل ولی خان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ اگر انصاف کا پیمانہ اسی طرح رہا تو شاید عوام سپریم کورٹ کو بھی آگ لگا دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اگر چیف جسٹس کا سیاسی رویہ جاری رہا تو ہم کسی بھی قانون کا خیال نہیں رکھیں گے۔ چیف جسٹس سپریم کورٹ کے جج نہیں بلکہ عمران خان کے ذاتی ملازم لگ رہے ہیں۔
ایمل ولی خان نے کہا کہ تاریخ میں پہلی بار دیکھ رہے ہیں کہ ایک ملزم کو ریمانڈ کے دوران رہائی کا پروانہ تھما دیا گیا۔ کیا یہ سہولت پاکستان کے ہر شہری کو حاصل ہے؟
انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ میں لاکھوں مقدمات زیرالتوا پڑے ہیں یہاں لوگ مرجاتے ہیں لیکن انصاف ملنا تو دور کی بات تاریخ بھی نہیں دی جاتی۔ انصاف دینے والے اگر سیاسی کھیل کھیلیں گے تو ردعمل بھی سیاسی آئے گا۔
اے این پی کے رہنما نے کہا کہ ملزم کی گرفتاری پر پرتشدد واقعات، سرکاری و نجی اور تاریخی املاک کو آگ لگائی گئی اور چیف جسٹس اس تباہی کے ذمہ دار ہیں کیونکہ وہ عمران نیازی کے ذاتی ملازم کا کردار ادا کر رہے ہیں۔