رخصتی کے وقت دلہن امتحان دینے چلی گئی، باراتی انتظار میں بیٹھے رہے سوشل میڈیا پر صارفین نے دلہن کے سسرالیوں کی تعریفوں کے پل باندھ دیئے

پوری رات شادی کی رسومات ہوتی رہیں اور صبح عین رخصتی کے وقت دلہن امتحان دینے چلی گئی۔

بھارت کے ضلع ستنا کے علاقے ماروتی نگر میں دلہن نے اس وقت تمام باراتیوں کو حیران کردیا جب عین رخصتی کے وقت دلہن غائب ہوگئی، اور پتہ چلا کہ اس کا امتحان ہے۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ماروتی نگر کی رہائشی شیوانی پانڈے نامی دلہن اور جھنڈا گاؤں کے رہنے والے ابھیشیک پیاسی کی شادی طے تھی، اور بارات اپنے وقت پر پہنچ گئی، تمام رسومات کے ساتھ دولہا اور دلہن نے سات پھیرے بھی لے لئے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ رات کو شروع ہونے والی شادی کی رسومات صبح تک مکمل ہوئیں، اور جب رخصتی کا وقت آیا تو دولہے والوں کو پتہ چلا کہ نئی نویلی بہو کا امتحان ہے۔

اچھی بات یہ ہے کہ باراتیوں میں سے کسی نے بھی اس اقدام کا برا نہ مانا اور دولہے سمیت سب نے بہو کی امتحان سے واپسی تک منڈپ میں انتظار کیا اور جب دلہن امتحان دے کر واپس آئی تو اس کی رخصتی دھوم دھام سے کی گئی۔

سوشل میڈیا پر دلہن کی تصویر اور واقعہ وائرل ہوا ہے جس پر اکثر صارفین نے دلہن کے سسرال کی تعریف کی۔ چند سوشل میڈیا صارفین نے کہا کہ تعلیم کو اہمیت دینے والا سسرال قابل تعریف اور لائق تحسین ہے۔

چند صارفین نے باراتیوں کی بھی تعریف کی جنہوں نے ناصرف اس واقعے پر صبر کیا بلکہ دلہن کا رخصتی تک انتظار کیا۔

Spread the love

اپنا تبصرہ بھیجیں