پی ٹی آئی کو کالعدم قرار دینے کے لئے ثبوت موجود ہیں ثبوتوں کی بنیاد پر پی ٹی آئی کو کالعدم قرار دینے کا فیصلہ کابینہ کرےگی، جتھوں کو پہلے سے ہی ٹارگٹس دینے کے ثبوت موجود ہیں،جتھوں میں ریٹائرڈ افراد بھی موجود تھے، کاروائی ہونی چاہئے۔ وفاقی وزیرداخلہ رانا ثناءاللہ کی گفتگو

لاہور  وفاقی وزیرداخلہ رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کو کالعدم قرار دینے کے لئے ثبوت موجود ہیں، ثبوتوں کی بنیاد پر پی ٹی آئی کو کالعدم قرار دینے کا فیصلہ کابینہ کرے گی، جتھوں کو پہلے سے ہی ٹارگٹس دینے کے ثبوت موجود ہیں۔ اے آروائی نیوز کے مطابق وفاقی وزیرداخلہ رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ 9 مئی کا سانحہ منصوبہ بندی کے تحت کیا گیا، عمران خان نے منصوبندی کے تحت جتھہ تیار کیا جو اس کو ہی لے ڈوبا۔

عمران خان نے ایک سال تیاری کے بعد لوگوں کو ٹارگٹس دیئے۔ جتھوں کو پہلے سے ہی ٹارگٹس کا علم تھا اس کے ثبوت موجود ہیں۔ زمان پارک میں 250 افغان شہری عمران خان کی حفاظت کررہے تھے۔ یہ جتھے افغان شہری تھے ان کو پیٹرول بموں سمیت دیگر ٹریننگ دی گئی تھی۔

پی ٹی آئی کو کالعدم قرار دینے کے لئے ہمارے پاس ثبوت موجود ہیں، ثبوتوں کی بنیاد پر پی ٹی آئی کو کالعدم قرار دینے کا فیصلہ کابینہ کرے گی۔

جتھوں میں ریٹائرڈ افراد بھی موجود تھے، ثبوت موجود ہیں ان کے خلاف کاروائی ہونی چاہئے۔ دوسری جانب نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے چیف الیکشن کمشنر کے ساتھ اجلاس میں بتایا کہ 9 مئی کے واقعات کی مذمت کی گئی، نو مئی کے واقعات میں ایک سیاسی جماعت کے ملوث ہونے کے شواہد پیش کئے گئے۔ چیف الیکشن کمشنر کو تصاویر، ویڈیوز اورپیغامات کے ثبوت پیش کئے گئے۔

نو مئی کو ایک سیاسی جماعت نے پوری قوم کو شرمسار کیا۔ عسکری تنصیبات پر حملے منصوبہ بندی کے تحت کئے گئے۔ حملہ آوروں اور سیاسی لیڈرشپ کے رابطوں کے ثبوت ملے ہیں۔ سیاست کی آڑ میں گھناؤنا کھیل کھیلا گیا۔ ابتدائی تخمینے کے مطابق 6 سو کروڑ کا نقصان ہوا ہے۔ اسی طرح نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے ناقص کارکردگی پر سیکرٹری پراسکیوشن کو فوری تبدیل کرنے کا حکم دے دیا۔

سیکرٹری پراسیکیوشن کو تبدیل کرنے کا فیصلہ پرتشدد واقعات اور فوجی تنصیبات پر حملوں کے کیسز میں ناقص پیروی پر کیا گیا۔ نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کا کہنا ہے کہ چند لوگوں کی نااہلی سے دہشتگردوں کا فائدہ قبول نہیں۔ 9 مئی کا ایک ایک کیس اپنا کیس سمجھ کر عدالت میں جائیں۔مزید برآں وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے ٹویٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ عمران خان کی فسطائیت،ملک دشمنی اور ملک پر حملہ آور ہونے کا بندوبست کیا جا رہا ہے تاکہ آئندہ سیاست کے لبادے میں کوئی ملک دشمنی نہ کرے اور ریاست پر حملہ آور نہ ہو۔

بندوبست ہو رہا ہے کہ آئندہ کوئی شہداء اور غازیوں کی یادگاروں کی کوئی بے حرمتی نہ کر سکے۔ انہوں نے الزام لگاتے ہوئے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے لوگوں کی بیٹیوں کے گھروں پر حملے کرائے، لوگوں کی بیٹیوں کو والدین کے سامنے گرفتار کیا لیکن پھر بھی کوئی تمہاری طرح اس ملک پر حملہ آور نہیں ہوا۔ سیاست کا لبادہ اوڑھ کر سابق وزیراعظم نے ملک اور عوام کو سزا دی،ملکی معیشت اور نہ ہی عوام کے روزگار کو چھوڑا۔ وزیر اطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ بندوبست ہو رہا ہے تاکہ پاکستان کی تاریخ میں آئندہ کوئی یہ کوشش نہ کر سکے جو عمران خان نے کی،بندوبست ہو رہا ہے کہ آئندہ کسی کو یہ ملک دشمنی کرنے کی جرات نہ ہو۔ 

Spread the love

اپنا تبصرہ بھیجیں