نگراں وزیر بلدیات ابراہیم مراد نے بتایا ہے کہ ورلڈ بینک نرم شرائط پر 442 ملین ڈالر قرض دے گا جس سے پنجاب کے دو ہزار دیہات میں بنیادی ضروریات زندگی کی فراہمی کے منصوبے مکمل کئے جائیں گے، پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر 200دیہات میں کام کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے،اب تک 70دیہات میں واٹر سپلائی ، سیوریج وغیرہ کے منصوبے شروع کرنے کے لئے کنٹریکٹ ایوارڈ کر دیئے گئے ہیں۔
مزید 70دیہات کا کنٹریکٹ دینے کے لئے ٹینڈر طلب کر لئے گئے ہیں جبکہ باقی 60دیہات کے منصوبے منظوری کے مراحل میں ہیں -پنجاب کے 16 اضلاع میں واقع ان دیہات میں واٹر سپلائی، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ اور زیر سیوریج کے منصوبے مکمل کئے جائیں گے۔ پراجیکٹ میں شامل دیہات ضلع خوشاب، میانوالی،سرگودھا، چکوال، بھکر، پاکپتن، چنیوٹ، جھنگ، راجن پور، رحیم یار خان، ڈی جی خان، لودھراں، بہاولپور، مظفر گڑھ، بہاولنگر اورملتان میں واقع ہیں-منصوبوں پر عمل درآمد پنجاب رورل میونسپل سروسز کمپنی کروا رہی ہے۔
نگراں وزیر بلدیات سے ورلڈ بینک مشن پاکستان کے نمائندہ وفد نے ملاقات کی- ابراہیم مراد نے کہا کہ پینے کا صاف پانی ، نکاسی آب اورصاف ستھرا ماحول بنیادی انسانی ضروریات ہیںان منصوبوںسے ان دیہات کا نقشہ ہی بدل جائے گا، مکین ترقی کے ثمرات حاصل کر سکیں گی- یہ منصوبے دیہات میں رہنے والے بچوں کی صحت مند اور متوازن جسمانی نشوونما میں بھی معاون ہوں گی- انہوںنے کہا کہ پسماندہ علاقوں اور دیہات کے مکینوں کو بنیادی ضروریات زندگی کی فراہمی کے لئے کام تیز کیا جائے۔منصوبوں پر جاری کام کی مانیٹرنگ بہتر کی جائے اور تعمیراتی کام کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔