سابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا، قومی احتساب بیورو (نیب) لاہور نے ان کے دور میں ہونے والی تقرریوں اور تبادلوں پر بھی تحقیقات کا آغاز کردیا۔
نیب لاہور نے سابق وزیر اعلی عثمان بزدار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کے بعد ان کے دور میں کی گئی تقرریوں اور تبادلوں کی تحقیقات بھی شروع کردی ہیں۔
ذرائع کے مطابق نیب لاہور نے سیکرٹری سروسز پنجاب سے تعیناتیوں کا مکمل ریکارڈ طلب کر لیا ہے۔
نیب نے اس سے پہلے سیکرٹری مواصلات کو بھی ریکارڈ پیش کرنے کی ہدایت کی تھی مگر ان کی طرف سے ابھی تک ریکارڈ فراہم نہیں کیا گیا۔
نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ تقرر و تبادلوں میں فرح گوگی اور سابق پرنسپل سیکرٹری طاہر خورشید بھی شامل ہیں۔
عثمان بزدار پر اپنی وزارت اعلیٰ کے دور میں تقرر و تبادلوں میں کروڑوں روپے کی رشوت لینے کا الزام ہے۔