کراچی کی عدالت میں غیر قانونی طور پر پاکستانی سمندری حدود میں داخل ہونے والے بحری جہاز کے عملے کے آٹھ ارکان کو پیش کیا گیا۔ عدالت نے پندرہ جون تک جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کردیا۔
کراچی کی مقامی عدالت میں مصر اور انڈونیشا سے تعلق رکھنے والے بحری جہاز کے عملے کو پیش کیا گیا۔ عدالت کو بتایا کہ یہ افراد غیر قانونی طور پر پاکستانی سمندری حدود میں داخل ہوئے۔
ایف آئی اے نے عدالت کو بتایا کہ جہاز بغیر اجازات پاکستانی سمندری حدود میں داخل ہوا، عملے کے پاس کوئی قانونی اجازات نامہ نہ تھا جبکہ ایک رکن کے پاس پاسپورٹ تک موجود نہیں ہے۔
عملے کے وکیل کا مؤقف تھا کہ عملے کو بھارت جانا تھا لیکن جہاز کے مالک نے اچانک منزل تبدیل کردی، واپس عمان جانا چاہا مگر موسم خراب تھا، غلط سمت میں سفر کرنے کی وجہ سے پاکستانی سمندری حدود میں داخل ہوئے۔
ایف آئی اے اور بحری جہاز کے عملے کے وکیل کا مؤقف سننے کے بعد عدالت نے آٹھ ملزمان کو پندرہ جون تک جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کردیا۔
یاد رہے کہ بحری جہاز اور عملے کو انتیس مئی کو گڈانی کے قریب سے میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی نے گرفتارکیا تھا۔