پنجاب حکومت نے عید الاضحی سے پہلے سرکاری ملازمین کو تنخواہیں اور پنشن دینے کا حکم دے دیا۔اس ضمن میں جاری نوٹیفکیشن کے مطابق 30 جون سے قبل صوبائی ملازمین کو تنخواہیں اور پنشن دینے کے احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں۔ عید الاضحیٰ کی آمد کے پیش نظر حکومت پنجاب کے تمام سرکاری مسلم ملازمین کو رواں ماہ جون 2023 کی تنخواہ پیشگی 23جون کو ادا کرنے کی ہدا یت کی گئی ہے۔
محکمہ خزانہ حکومت پنجاب کی جانب سے اکاؤنٹنٹ جنرل پنجاب اور تمام اضلاع کے ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفیسرز کے نام جاری مراسلہ میں کہا ہے کہ رواں ماہ کے اختتام پر آنے والی عید الاضحیٰ کی خوشیوں میں تمام فرزندان اسلام کو شریک کرنے کیلئے مجاز اتھارٹی کی جانب سے حکومت پنجاب کے تمام سرکاری ملازمین کو ماہ جون کی تنخواہ اور ریٹائرڈ ملازمین کو پنشن کی ادائیگی 23جون کو کرنے کی ہدایت کی گئی ہے لہٰذا تمام متعلقہ حکام کو آگاہ کیا جاتا ہے کہ وہ ماہ جون کی تنخواہوں و پنشنز کی 23جون کو ادائیگی کیلئے تمام انتظامات یقینی بنائیں۔
علاوہ ازیں اس سلسلہ میں سٹیٹ بینک آف پاکستان کے ڈائریکٹر اکاؤنٹس، بینک دولت پاکستان فیصل آباد،لاہور،گوجرانوالہ،سیالکوٹ،بہاولپور، ملتان،راولپنڈی کے چیف منیجرز اور نیشنل بینک و بینک آف پنجاب سمیت تمام شیڈولڈ بینکوں کے سربراہان کو بھی آگاہ کر دیا گیا ہے۔جب کہ سندھ حکومت نے عید قربان کی آمد کے موقع پر سرکاری ملازمین کو ریلیف دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ صوبائی حکومت کے محکمہ خزانہ نے صوبے کے سرکاری ملازمین کو عید الاضحٰی کی آمد کی وجہ سے اگلے ماہ کی تنخواہیں یکم جولائی کے بجائے عید سے قبل 23 جون کو ادا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس حوالے سے باقاعدہ ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔