پاکستان نے تاریخ رقم کردی، پہلا روسی خام تیل بردار جہاز کراچی بندرگاہ پہنچ گیا روسی خام تیل کا جہاز کراچی پورٹ کی آئل پیئر 2 پر تیل ترسیل کرے گا اور جہاز کو آج ہی کراچی پورٹ کی برتھ پر لگا دیا جائے گا

کراچی  پاکستان میں پہلا روسی خام تیل بردار جہاز کراچی بندرگاہ پہنچ گیا ہے۔ نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے مطابق روسی خام تیل کا جہاز کراچی پورٹ کی آئل پیئر 2 پر تیل ترسیل کرے گا اور جہاز کو آج ہی کراچی پورٹ کی برتھ پر لگا دیا جائے گا۔ بتایا گیا ہے کہ روسی خام تیل بردار جہاز سمندری طوفان سے قبل ہی کراچی پہنچ گیا۔

خال تیل بردار اس روسی جہاز کا نام ’پیور پوائنٹ‘ ہے۔ 183 میٹر لمبے روسی جہاز پیور پوائنٹ میں 45 ہزار میٹرک ٹن تیل لدا ہے۔ ادھر روس سے تیل پاکستان آنے کے بارے میں لوگ مختلف قیاس آرائیاں کررہے ہیں تاہم سب سے اہم سوال جو ہر پاکستانی کے ذہن میں ہے وہ یہ کہ درآمد شدہ تیل کا ایندھن کی بلند قیمتوں پر کیا اثر پڑے گا؟ وائس آف امریکا کو دیے گئے حالیہ انٹرویو میں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی و اصلاحات احسن اقبال نے اس سوال کا جواب دیا۔

جب ان سے پوچھا گیا کہ پیٹرول کی قیمت جو 282 روپے فی لیٹر کی ریکارڈ بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہے اور اس وقت 272 روپے فی لیٹر ہے، تو کیا روسی تیل کے پاکستان پہنچنے کے بعد اس میں 100 روپے کی کمی کی جائے گی؟ وفاقی وزیر نے اس کا جواب نفی میں دیا اور ان تمام قیاس آرائیوں کی تردید کردی۔ احسن اقبال نے انٹرویو میں کہا کہ ‘100 روپے تک کا اتنا زیادہ فرق تو نہیں پڑے گا لیکن قیمت ضرور کم ہوگی اگر روسی تیل کی خاطر خواہ مقدار پاکستان آئے گی،ابھی ابتدا میں تھوڑی مقدار پاکستان آرہی ہے’۔ واضح رہے کہ پاکستان اور روس کے درمیان گزشتہ کئی ماہ سے تیل کے معاہدے پر بات چیت جاری تھی تاہم معاہدہ اپریل میں طے پایا۔

Spread the love

اپنا تبصرہ بھیجیں