کراچی سے طوفان کا خطرہ ٹل گیا، بائپر جوائے نے رخ تبدیل کر لیا طوفان کل کے ٹی بندر اور بھارتی شہرگجرات کی ساحلی پٹی سے ٹکرائے گا، طوفان کے ٹی بندر سے 257 کلومیٹر دور ہے

  کراچی سے طوفان کا خطرہ ٹل گیا، بائپر جوائے نے رخ تبدیل کر لیا ۔ نجی ٹی وی چینل سما نیوز کے مطابق طوفان کل کیٹی بندراوربھارتی شہرگجرات کی ساحلی پٹی سے ٹکرائے گا ۔ طوفان کے ٹی بندر سے 257 کلومیٹر دور ہے۔ گولارچی کے زیرو پوائنٹ ، کیٹی بندراورگردونواح کے دیہات میں پانی داخل ہوگیا، ٹھٹھہ کے ساحلی علاقوں میں تیز ہوائیں چلنا شروع ہو گئیں۔

کراچی میں ہاکس بے اور ریڑھی گوٹھ پر لہریں بے قابو ہیں، جہاں پانی سڑک پر آگیا، اورماڑہ میں بھی طغیانی سے پانی شہر میں داخل ہو گیا اور کئی گھر ڈوب گئے ۔لنگرانداز چھوٹی کشتیوں کو طاقتور لہریں بہا لے گئیں ۔ سمندری طوفان سے متعلق این ڈی ایم اے اسلام آباد میں مانیٹرنگ سیل قائم کردیا گیا، بڑی اسکرینز پر ناسا سیٹلائٹ سے بائپر جوائے کی حرکت کا جائزہ بھی لیا جارہا ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق بائپر جوائے آج دوپہر تک سمت تبدیل کرے گا، بائپر جوائے کی سمندر میں 100 کلو میٹر فی گھنٹہ سے بھی زائد کی رفتار موجود ہے، طوفان کی سینٹرل پوائنٹ پر لہریں 30 سے 40 فٹ بلند ہونے لگی۔ سمندری طوفان بائپرجوائے کے پیش نظرکراچی میں 10 ملی میٹر بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہےجبکہ ٹھٹھہ ، بدین ، سجاول ، تھرپارکر اور میرپور خاص میں 300 ملی میٹر تک بارش کی پيشگوئی کی گئی ۔

بائپر جوائے کے سندھ کی ساحلی پٹی پر اثرات نمودار ہوچکے ہیں، کئی شہروں میں وقفے وقفے سے کبھی ہلکی اور کبھی تیز بارش جاری ہے، کل سے بادل جم کر برسنے کی پیش گوئی کی گئی ہے، طوفان کی شدت برقرار ہے، سمندری طوفان کراچی سے 350، کیٹی بندر سے 300 اور ٹھٹھہ سے 360 کلو میٹر دور ہے، سمندر میں لہریں 30 سے 40 فٹ بلند ہیں جبکہ 170 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بائپرجوائے اس وقت کیٹیگری 3 کا طوفان ہے، کل سے کمزور ہوکر کیٹیگری 2 میں تبدیل ہوجائے گا۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بحیرہ عرب میں طوفان 6 گھنٹوں میں شمال ار شمال مغرب میں حرکت کرتا رہا، بیپر جوائے کراچی سے تقریباً 340 کلو میٹر، ٹھٹھہ سے 355 کلو میٹر اور کیٹی بندر سے 275 کلو میٹر کے فاصلے پر موجود ہے۔ میٹ آفس نے بتایا کہ طوفان کے مرکز اور اطراف میں ہوائیں 160 سے 180 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں، طوفان کل کیٹی بندر اور بھارت میں گجرات کی ساحلی پٹی سے ٹکرانے کا امکان ہے۔

رپورٹ کے مطابق 17 جون تک ٹھٹھہ، سجاول، بدین، تھرپارکر، میرپورخاص عمر کوٹ میں شدید آندھی کا خدشہ ہے، ان اضلاع میں تیزہواؤں کے جھکڑ 120 کلو میٹر فی گھنٹہ تک ہوسکتے ہیں۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کیٹی بدر اور ملحقہ علاقوں میں 12 فٹ کی لہریں سیلابی صورتحال پیدا کرسکتی ہیں۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی سمیت سندھ کے ديگر شہروں میں آج سے جمعرات اور جمعہ تک تیز بارشوں کا امکان ہے، سمندر سے واپس لوٹنے والے ماہی گيروں کے مطابق سمندر میں شدید طغيانی اور جھکڑ چل رہے ہیں، شہر میں سمندری ہوائیں بند ہیں۔

کراچی کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش شروع ہوگئی، ملیر، گلشن حدید، نارتھ کراچی، لانڈھی اور اورنگی ٹاؤن میں بوندا باندی ہورہی ہے۔ کراچی کے ساحلی علاقے ریڑھی گوٹھ میں پانی کا بہاؤ معمول سے تیز ہوگیا، ریڑھی گوٹھ اور اطراف میں وقفے وقفے سے تیز ہواوؤں کے ساتھ بارش کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ بیپر جوائے اس صدی کا بدترین سمندری طوفان ہے۔

ٹھٹھہ میں تیز ہوائیں اور سمندر میں طغیانی کے باعث کئی دیہات میں پانی داخل ہوگیا۔ رپورٹ کے مطابق کیٹی بندر، حجامارو کریک اور گرد و نواح کے 10 دیہات میں پانی داخل ہوا ہے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ابو جت، اسحاق دبلو، عبداللہ دبلو، حسین جت اور دیگر دیہات ڈوب گئے، علاقہ مکینوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا۔ گولارچی کے ساحل سمندر پر طوفان بائپر جوائے کے اثرات سامنے آنے لگے، تیز لہروں کے باعث سمندر کا پانی شہر کے سب سے بڑے ساحلی مرکز زیرو پوائنٹ پر گھروں میں داخل ہوگیا۔

Spread the love

اپنا تبصرہ بھیجیں