”بپر جوئے“ کی شدت میں کمی، کراچی کے ساحل پر نافذ دفعہ 144 ختم کمشنرکراچی نے شہر میں تعلیمی سرگرمیوں کو بھی بحال کردیا، نوٹیفکیشن جاری

طوفان ”بپر جوئے“ کی شدت میں کمی آنے کے بعد کمشنر کراچی نے دفعہ 144 ختم کردی۔

سمندری طوفان ”بپر جوئے“ کمزور پڑنے لگا ہے اور کراچی سے اس کا فاصلہ بڑھ کر 230 کلو میٹر، ٹھٹھہ سے 159 اور کیٹی بندر سے 245 کلو میٹر ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق طوفان نے بحیرہ عرب میں شمال مشرق سے ہوتے ہوئے گجرات کے علاقے جکھاؤ پورٹ اور گرد و نواح پر لینڈ فال کیا ہے۔ طوفان شدت میں کمی کے بعد ڈپریشن میں تبدیل ہونے کا امکان ہے۔

این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ طوفان کے اثرات اب بھی موجود ہیں، بحیرہ عرب میں لہروں کی اونچائی دس سے پندرہ فٹ تک بلند ہوسکتی ہے، جب کہ آج رات اور کل کراچی، حیدرآباد، ٹنڈو محمد خان، ٹنڈو الہ یار، شہید بینظیر آباد، سجاول، بدین، ٹھٹھہ اور سانگھڑ کے اضلاع میں 30 سے 50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

دوسری جانب کراچی میں طوفان ”بپر جوئے“ کی شدت میں کمی آنے کے بعد کمشنر کراچی نے دفعہ 144 ختم کردی ہے، اور اس حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق اب شہریوں کو ساحل اور سمندر میں نہانے کی اجازت ہوگی، جب کہ ساحل سے ملحقہ سڑکیں بھی ٹریفک کیلئے کھول دی گئی ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ سی ویو اور ملحقہ شاہراہوں پر لگی رکاوٹیں ہٹا دی گئی ہیں۔

کمشنرکراچی نے شہر میں تعلیمی سرگرمیوں کو بحال کردیا ہے، اور نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ کل سے تعلیمی ادارے معمول کے مطابق فعال ہوں گے اور امتحانات شیڈول کے مطابق ہوں گے۔

Spread the love

اپنا تبصرہ بھیجیں