وزیراعظم شہباز شریف نے ایک تقریب سے خطاب میں کہا ہے کہ ہمارے دوست کہتے تو کچھ نہیں مگر ان کے چہرے سوال کرتے ہیں ہم کب تک قرض لیں گے؟، انہوں نے کہا کہ پاکستان کو آج معاشی چینلنجز کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے لیکن ہم ضرور اس مشکل حالات سے بھی نکل آئیں گے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ یو اے ای اور قطر پاکستان کی مدد کر رہے ہیں، آئیں ہم مل کر پاکستان کو بنانے کا عزم کریں، ہم مل کر پاکستان کا کھویا ہوا مقام دلوائیں گے، ہمیں کامیابی حاصل کرنے کے لیے تاریخ سے سبق سیکھنا ہو گا، ہمیں عہد کرناہوگا کہ پاکستان کی تقدیر بدلنےکیلیے محنت کریں گے، ہمیں باتوں اور وعدوں کے بجائے عملی طور پر کچھ کرکے دکھانا ہوگا، اتحادیوں کے ساتھ مل کرملکی ترقی کا سفر جاری رہےگا۔
انہوں نے کہا کہ اللہ نے پاکستان کو بےپناہ وسائل سے نوازا ہے، ہم وسائل سے استفادہ کرکے خود کفیل ہو سکتے ہیں، قوموں کی زندگی میں اس طرح کے چیلنجز آتے جاتے رہتے ہیں، اگرہم جاگ جائیں، اکھٹے ہو جائیں، ایک دوسرے کی ٹانگیں نہ کھینچیں اور الزامات کے تیر نہ چلائیں اور ایک معاشی ایجنڈے پر اکھٹے ہو جائیں کہ حکومت آئے یا جائے یہ معاشی ایجنڈا قائم رہے تو کوئی وجہ نہیں کہ پاکستان معاشی میدان میں بہت آگے نہ جا سکے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا چین پاکستان کا بھرپور ساتھ دے رہا ہے، چین سے ایک ارب ڈالر آ چکے ہیں، ہمارے دوست کہتے تو کچھ نہیں مگر ان کے چہرے سوال کرتے ہیں کہ ہم کب تک قرض لیں گے؟ انہوں نے کہا کہ نیشنل انوویشن ایوارڈ مقابلوں میں ملک بھر سے نوجوانوں نے شرکت کی ہے، وزیراعظم یوتھ پروگرام 2013ء میں شروع کیا گیا، ملک کی 70 فیصد آبادی 30 سال سے کم عمر ہے، ان کیلئے وظائف، مفت لیپ ٹاپ، کاروبار کیلئے آسان شرائط پر قرضے اور ہنرمند بنانے کے پروگرام شروع کئے گئے، وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت نوجوانوں کو کاروبار کیلئے آسان شرائط پر 100 ارب روپے کا قرضہ دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کیلئے بجٹ میں بھاری رقم مختص کرنا بہترین سرمایہ کاری ہے، یہ نوجوان ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام شروع کیا گیا جس کا مقصد نوجوانوں کو تعمیری سرگرمیوں کی جانب راغب کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ پانچ ماہ کے دوران نوجوانوں کو آسان شرائط پر کاروبار کیلئے 30 ارب روپے قرضہ دیا گیا ہے، یونیورسٹیوں میں نوجوانوں کیلئے یوتھ کلب قائم کئے گئے ہیں، نوجوانوں کی فلاح و بہبود وزیراعظم کی اولین ترجیح ہے۔ اس موقع پر وزیراعظم محمد شہباز شریف نے باصلاحیت نوجوانوں میں چیک اور ایوارڈز تقسیم کئے۔