مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ احتساب عدالت کا فیصلہ کہہ رہا ہے نواز شریف کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا گیا،چور چور کہنے والوں کو آج منہ کی کھانا پڑی۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ پلاٹ الاٹمنٹ کیس میں نواز شریف کو میرٹ پر کیس سننے کے بعد بری کیا گیا۔
لاہور ہائیکورٹ کی اجازت پر قائد مسلم لیگ ن ملک سے باہر گئے اور بیرون ملک جانے کے بعد یہ کیس بنایا گیا۔ سابق وزیراعظم کو اشتہاری قرار دے کر کیس بنا دیا گیا،نیب نیازی گٹھ جوڑ سے سیاسی مخالفین پر جھوٹے کیسز بنائے گئے۔ انہوں نے بتایا کہ 1990 میں جب نواز شریف وزیراعلٰی پنجاب تھے،تب یہ تاثر دیا گیا کہ انہوں نے میر شکیل الرحمٰن کو پلاٹس کے معاملے پر فیور دی۔
نواز شریف کو پانامے کی آڑ پر اقامے پر نا اہل کر دیا گیا اور پلاٹ الاٹمنٹ کیس بھی اسی طرح کا ہے۔چور،چور اور جھوٹ،جھوٹ کا بیانیہ بنانے والوں کیلئے لمحہ فکریہ ہے۔ قبل ازیں مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ 2013 میں پی ٹی آئی نے ملک میں عدم استحکام کی بنیاد رکھی،کچھ سازشی عناصر نے نالائق ٹولے کو ملک پر مسلط کیا،یہ ڈی چوک میں کھڑے ہو کر ملک کو جلانے کی باتیں کرتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومت کی نااہلی کے باعث توانائی سمیت کئی بحران پیدا ہوئے،عمران خان نے سول نافرمانی تحریک کی کال دی،جبکہ کچھ کرداروں نے ملک کو مہنگائی کے حوالے کیا۔ نواز شریف نے صوبوں میں کامیاب جماعتوں کو حکومت بنانے کا موقع دیا،سابق وزیراعظم نے معیشت مضبوط کر کے ملک کو خود مختار کیا۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ 2013 سے 2017 تک ملک میں ہزاروں میگاواٹ بجلی بنائی گئی،ہمارے گزشتہ دور میں مہنگائی تاریخ کی کم ترین سطح پر تھی۔