کراچی کے علاقے گلستان جوہر کے بلاک 4 میں لڑکی کو ہراساں کرنے کے الزام میں ایک مشتبہ شخص کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔پولیس نے مشتبہ شخص کے ساتھ ایک موٹرسائیکل بھی تحویل میں لے لی ہے۔ایس ایس ایسٹ زبیر شیخ کا کہنا ہے مشتبہ شخص سی سی ٹی وی فوٹیج میں نظر آنے والے ملزم سے مشابہت رکھتا ہے۔تحویل میں لی گئی موٹرسائیکل بھی ویڈیو میں نظر آنے والی موٹرسائیکل جیسی لگتی ہے۔
زبیر شیخ نے مزید کہا کہ واقعے سے متعلق مزید تفتیش جاری ہے۔ گلستان جوہر میں گلی میں جاتی لڑکی پر جنسی حملہ کرنے کے خلاف چار روز بعد سرکار مدعیت میں مقدمہ درج کیا جا چکا ہے۔گلستان جوہر بلاک 4 میں لڑکی کو ہراساں کرنے کا مقدمہ 4 روز کے بعد سرکار کی مدعیت میں درج کیا گیا، ایف آئی آر میں وقوعہ کا روز 3 جولائی دکھایا گیا ۔
مدعی مقدمہ اے ایس آئی کے مطابق وائرل ویڈیو موبائل پر دیکھی، ویڈیو میں نامعلوم شخص کالی شرٹ اور سفید شارٹ پہنے ہوا تھا۔
مقدمے کے متن میں کہا گیا کہ فیس ماسک پہنے شخص نے لال کلر کی 70 موٹر سائیکل کو روکا، قریب سے پیدل گزرتی ہوئی لڑکی کا پیچھا کیا، لڑکی کو ہراساں کرنے کی کوشش کی لڑکی نے مزاحمت کی تو موٹر سائیکل پر فرار ہوگیا۔مقدمے کے متن کے مطابق اس شخص کا یہ فعل بجرم دفعہ 294/354/509 کا مرتکب پایا گیا، پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔ لڑکی پر جنسی حملے کے کیس میں گلی کے چوکیدار اور گھریلو ملازمہ سمیت 15 افراد کو حراست میں لیا گیا تھا۔ سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) ایسٹ کے مطابق پانچ رکنی تحقیقاتی ٹیم بنائی تھی ، لڑکی نے قانونی کارروائی سے منع کر دیا تھا جس کے بعد سرکار کی مدعیت میں واقعے سے متعلق مقدمہ درج کیا گیا۔