حکومتی اتحاد میں الیکشن کے وقت کے حوالے سے معاملات طے پا گئے پی ڈی ایم کی قیادت نے نگران وزیراعظم کے لیے مشاورت شروع کر دی،موجودہ اسمبلی آئینی مدت پوری ہونے پر نگران وزیراعظم کو ذمہ داری سونپ دی جائے گی

اسلام آباد پی ڈی ایم کی قیادت نے نگران وزیراعظم کے لیے مشاورت شروع کر دی ہے ،نگران وزیر اعظم کے لیے مختلف ناموں پر غور کیا جا رہا ہے۔ہم نیوز کی رپورٹ کے مطابق اس سے قبل حکومتی اتحاد میں الیکشن کے حوالے سے اختلاف رائے سامنے آیا تھا، پیپلز پارٹی وقت پر الیکشن جبکہ مولانا فضل الرحمن موجودہ اسمبلیوں میں ایک سال کی توسیع کے خواہشمند تھے تاہم اب حکمران اتحاد میں اس حوالے سے معاملات طے پا چکے ہیں جس کے بعد نگران وزیراعظم کے تقرر کے لیے پی ڈی ایم قائدین نے مشاورت شروع کر دی۔

موجودہ اسمبلی آئینی مدت پوری ہونے پر نگران وزیراعظم کو ذمہ داری سونپ دی جائے گی۔حکومتی اتحاد کے رہنماؤں کے مابین ہونے والی مشاورت میں نگران وزیراعظم کے لیے کئی نام زیر غور ہیں، اتفاق ہونے کی صورت میں نام سامنے لایا جائے گا ۔

جب کہ پاکستان پیپلزپارٹی نے حکومت کو 8 اگست کو اسمبلیاں تحلیل کرنے کی تجویز دے دی۔یہ بات وفاقی وزیر تجارت و رہنماء پاکستان پیپلزپارٹی نوید قمر نے پارلیمنٹ ہاؤس میں صحافیوں سے غیررسمی گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے حکومت کو 8 اگست کو تمام اسمبلیاں تحلیل کرنے کی تجویز دے دی ہے، اسسمبلیاں تحلیل کرنے کا فیصلہ وفاقی حکومت کو کرنا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پیپلز پارٹی انتخابات سے قبل انتخابی اصلاحات چاہتی ہے، انتخابی اصلاحات میں آر ٹی ایس سسٹم جیسے معاملات اہم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی اصلاحات پر سیاسی جماعتوں میں اتفاق رائے ضروری ہے۔ نوید قمر کا کہنا تھا کہ موجودہ سیٹ اپ میں مزید توسیع کی حمایت نہیں کرتے اور نگران سیٹ اپ کسی صورت آئینی مدت سے آگے نہیں جانا چاہیے۔انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ اسمبلی میں توسیع پر قانون سازی پر اصولی موقف سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

Spread the love

اپنا تبصرہ بھیجیں