کیف یوکرینی خفیہ ادارے جی یو آر کے سربراہ میجر جنرل کائرائیلو بدانوف نے دعویٰ کیا ہے کہ میرے مخبر روسی صدر ولادی میر پیوٹن کے قریب موجود ہیں، آج کے دور میں خفیہ ادارے کا سربراہ سائے میں نہیں رہ سکتا۔
عالمی خبر رساں ایجنسی کے مطابق میجر جنرل کائرائیلو بدانوف نے کہا کہ دنیا کے کسی بھی ملک میں آئندہ تمام جنگیں ایسی ہی ہوں گی، ہم کہہ سکتے ہیں کہ ہم ایک نیا ٹرینڈ سیٹ کر رہے ہیں۔
یوکرین کے مرکزی انٹیلیجنس ڈائریکٹوریٹ (جی یو آر) کے سربراہ نے کہا کہ 2014 میں جب ماسکو نے یوکرین کے علاقے کریمیا پر قبضہ کیا تو ہم نے طے کیا کہ اپنی آواز دنیا کو پہنچائیں گے لیکن 2014 میں ہم معلومات کی جنگ ہار گئے تھے۔
انہوں نے کہا کہ وہ جنگ ہارنے کے بعد 2022 میں شروع ہونے والی جنگ میں ہم نے بالکل مختلف طریقہ کار اور انداز اپنایا، اب روسی معلومات کی جنگ ہار رہے ہیں۔
میجر جنرل کائرائیلو کے مطابق روس کے مسلح گروپ ویگنر کے سربراہ پریگوزین کو روس کے اندر حمایت حاصل ہے۔
جی یو آر کے سربراہ نے کہا کہ ہمارے اپنے مخبر ہیں، بعض تو پیوٹن کے ساتھ ہمہ وقت کام کرنے والے محکموں میں ہیں، یہی وجہ ہے کہ ہمیں معلوم ہوتا ہے کہ کیا ہو رہا ہے؟ اور کیا ہونے والا ہے؟