واشنگٹن ناسا ماہرین نے جولائی میں گرمی کے حوالے سے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ جولائی 2023 صدی کا گرم تین مہینہ ہو سکتا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق گوڈارڈ انسٹی ٹیوٹ فار اسپیس اسٹڈیز میں ناسا کے اعلیٰ موسمیاتی ماہر گیون شمٹ نے کہا ہے کہ مسلسل گرمی کی لہر کرۂ ارض کے بڑے حصوں کو اپنی لپیٹ میں لے رہی ہے جس سے درجہ حرارت کے کئی ریکارڈ ٹوٹ جائیں گے۔
انہوں ںے کہا کہ ہم پوری دنیا میں حیرت انگیز تبدیلیاں دیکھ رہے ہیں۔ امریکہ، یورپ اور چین میں گرمی کی لہر نے پچھلے سارے ریکارڈ توڑ دیئے ہیں۔
ناسا ماہر کا کہنا تھا کہ یہ تمام اشارے موسمیاتی بحران کی شدت کے بارے میں خدشات کو بڑھا رہے ہیں۔ درجہ حرارت میں اضافہ حیران کن اس لیے نہیں ہے کیونکہ گزشتہ 4 دہائیوں کے دوران ہم اس میں مسلسل اضافہ ہوتا دیکھ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ زمین نے حال ہی میں گرم ترین جون کو برداشت کیا ہے جس سے 2023 کے مجموعی طور پر گرم ترین سال بننے کے امکانات کے بارے میں خدشات بڑھ گئے۔ ہم سائنس کے ذریعے جو کچھ جانتے ہیں وہ یہ ہے کہ انسانی سرگرمیاں اور بنیادی طور پر گرین ہاؤس گیسوں کا اخراج ناگزیر طور پر اس حدت کا باعث بن رہا ہے۔
گیون نے کہا کہ ممکنہ طور پر 2023 کے آخر تک درجہ حرارت عروج پر ہو گا اور 2024 اور بھی گرم ہو جائے گا۔