کراچی کی آبادی 3 کروڑ سے زیادہ ہے، اس سے کم کوئی نمبر قبول نہیں، خالد مقبول

کراچی متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ کراچی کی آبادی 3 کروڑ سے زیادہ ہے، اس سے کم کوئی نمبرقابل قبول نہیں۔

انہوں نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ پانچ دہائیوں سے مردم شماری کے معاملے پر سندھ کے شہری علاقوں پر شب خون مارا گیا، اس مرتبہ بھی کراچی کی آبادی دو کروڑ ظاہر کرنے کی سازش کی جا رہی ہے لیکن ہم تین کروڑ سے کم کسی نمبر کو تسلیم نہیں کریں گے۔

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ عام انتخابات میں تاخیر نہیں چاہتے، ہمارا مطالبہ ہے کہ انتخابات فوری اور شفاف ہوں، اس کیلئے درست مردم شماری ہو پھر اس پر نئی حلقہ بندیاں اور ووٹر فہرستیں بنیں۔

ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ہم انتخابات کیلئے تیار ہیں تاہم انہوں نے واضح کیا کہ پہلا مطالبہ شفاف مردم شماری اور دوسرا مطالبہ شفاف مردم شماری کی بنیاد پر فوری انتخابات ہیں۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سابق میئر کراچی اور ایم کیو ایم پاکستان کے سینیئر ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ ایم کیو ایم کراچی کی ایک کڑور 91 لاکھ کی آبادی کا نمبر مسترد کرتی ہے۔

ڈاکٹر فاروق ستار نے امید ظاہر کی کہ وفاقی حکومت اس بار درست مردم شماری کے ذریعے کراچی کے زخموں پر مرہم رکھے گی۔

Spread the love

اپنا تبصرہ بھیجیں