9 اگست کو قومی اسمبلی تحلیل کردوں گا، وزیراعظم مانتاہوں ملک میں مہنگائی ہے لیکن اس کی کئی وجوہات ہیں، وزیراعظم

وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا ہے کہ مانتاہوں ملک میں مہنگائی ہے لیکن اس کی کئی وجوہات ہیں، ڈیفالٹ کے خوف سے رات کو نیند نہیں آتی تھی۔

قصور میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا تھا کہ نواز شریف سی پیک کا منصوبہ چین سے لے کر آئے، موٹروے کا جال بچھایا، عالمی دباؤ کے باوجود ایٹمی دھماکے کئے، اور ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ نواز شریف کو موقع ملا تو صنعتیں چل پڑیں، انہوں نے بجلی کے مسئلے کو حل کیا، دہشت گردی کو ختم کیا، زرعی شعبے کو ترقی دی، ڈیم بنائے جس سے بجلی بھی بنے گی، وہ جلد وطن آئیں گے اور ملک کی تقدیر بدل دیں گے۔

شہبازشریف کا کہنا تھا کہ ایک پارٹی نے چین کے ساتھ تعلقات خراب کئے، چیئرمین پی ٹی آئی نے ملک کو تباہ کیا، ملک میں دہشت گردی کو فروغ دیا، اور نے سی پیک کو نقصان پہنچایا۔

وزیراعظم نے کہا کہ سابق حکومت نے پاکستان کے سفارتی تعلقات کو تباہ کیا، نوازشریف کے دور میں اسلامی ممالک کے ساتھ تعلقات اچھے تھے، پانامہ میں400 لوگوں کے نام تھے، لیکن انہیں اقامہ میں سزا دلوائی گئی، پھر بھی انہوں نے بہادری کے ساتھ عدالتوں کا سامنا کیا، سر پر بالٹی نہیں ڈالی، نوازشریف اور مریم نواز نے 100 پیشیاں بھگتیں۔

شہبازشریف کا کہنا تھا کہ نوازشریف کی قیادت میں ہم نے 5 لاکھ لیپ ٹاپ تقسیم کئے، اس اسکیم میں کوئی سفارش اور کرپشن نہیں ہوئی، لیکن پھر بھی مجھ پر الزام لگتا تھا کہ ووٹ لینے کے لیے بچوں کو لیپ ٹاپ دے رہا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ مانتاہوں ملک میں مہنگائی ہے لیکن اس کی کئی وجوہات ہیں، ڈیفالٹ کے خوف سے رات کو نیند نہیں آتی تھی، ہم نے دن رات محنت کی، لیکن آج عوام کا سمندر دیکھ کر میری 16 ماہ کی تھکن اتر گئی ہے، 9 اگست کو قومی اسمبلی تحلیل کردوں گا۔

اس سے قبل وزیراعظم نے پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ یونیورسٹی کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی کے ایل آئی نے 2015 میں اپنے سفر کا آغاز کیا، 2018 میں پی کے ایل آئی کی تکمیل ہوئی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پروفیسرسعیداختر نے پی کے ایل آئی کیلئے شبانہ روزمحنت کی، انہی کی سربراہی میں پاکستان میں لیور ٹرانسپلاٹ کا آغاز ہوا، پی کے ایل آئی میں امیراورغریب کی تفریق کے بغیر علاج ہوتا ہے، مریضوں کیلئے یہ ادارہ امید کی ایک کرن ہے، جسے جدید خطوط پرعالمی معیار کے مطابق بنایا گیا ہے، یہاں کے ڈاکٹرز اور عملہ بہترین خدمات انجام دے رہاہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پی کے ایل آئی کیلئے ٹرسٹ فنڈ میں 15 ارب روپے اکٹھے ہو گئے ہیں، مخیرحضرات بھی فنڈز اور ادویات ادارے کو فراہم کریں گے۔

Spread the love

اپنا تبصرہ بھیجیں