افغانستان نے 15 اگست کا عام تعطیل کا اعلان کردیا افغان وزارت محنت و سماجی امور کی جانب سے عام تعطیل کا اعلان کیا گیا

امریکی قبضے سے چھٹکارے اور امارت اسلامیہ کے قیام کے دو سال مکمل ہونے پر 15 اگست کو ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔

افغان وزارت محنت و سماجی امور نے 15 اگست کو عام تعطیل کا اعلان کیا۔

امریکی جارحیت کے خلاف امارت اسلامیہ کی قیادت میں اقتدار میں واپسی کے دو سال مکمل ہونے پر افغان طالبان ملک بھر میں عام تعطیل منائیں گے۔

یاد رہے کہ 15 اگست 2021ء کو طالبان نے دارالحکومت کابل کا محاصرہ کیا تو اس وقت کے صدر اشرف غنی اچانک ملک سے فرار ہوگئے تھے جس کے بعد طالبان نے بغیر کسی مزاحمت کے کابل میں داخل ہو کر ملک کا کنٹرول سنبھالا۔

طالبان نے مذاکرات میں امریکا کو انخلا کیلئے 31 اگست 2021 کی ڈیڈ لائن دی تھی اور امریکی فوج نے 31 اگست کی ڈیڈ لائن سے پہلے ہی انخلاء مکمل کیا اور 20 سال بعد افغانستان سے امریکی قبضہ ختم ہوا۔

اس سے دو سال قبل امریکی صدر جو بائیڈن نے اگست کے آخر تک افغانستان سے امریکی افواج کے آخری دستوں کے انخلا کے حتمی فیصلے کا اعلان کیا تھا۔

بین الاقوامی افواج کے غیر مشروط انخلا کے فیصلے کے بعد طالبان نے افغانستان میں مرحلہ وار اپنی حکومت قائم کرنا شروع کردی تھی۔

افغان طالبان نے بغیر کسی بڑی مزاحمت کے یکے بعد دیگرے کئی اضلاع کا کنٹرول حاصل کر لیا تھا۔

اس سے پہلے طالبان دیہی علاقوں اور سڑکوں پر موجود تھے، صرف چند اضلاع میں ہی وہ سرکاری اہلکاروں کو بے دخل کرنے میں کامیاب ہوتے تھے۔

غیر ملکی افواج کے انخلا کے بعد طالبان ملک کے دور دراز علاقوں تک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔

خیال رہے کہ طالبان کے کابل پہنچنے پر ملک میں افرا تفری پھیل گئی تھی اور ہزاروں شہری خوفزدہ ہوکر ملک سے فرار ہونے کیلئے کابل ائير پورٹ پر جمع ہوگئے تھے، اس دوران بھگدڑ اور فائرنگ کے نتیجے میں متعدد افراد کی جانیں بھی گئی تھیں۔

Spread the love

اپنا تبصرہ بھیجیں