دبئی امارات ایئرلائن نے اعلان کیا ہے کہ وہ سردیوں کے مصروف سیزن کے دوران پروازوں کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے پانچ اضافی پروازیں چلائے گی۔
ایئر لائن کی اضافی پروازیں برطانیہ کے ہیتھرو ایئرپورٹ کے لیے اڑانیں بھریں گی، اضافی پروازیں 31 اکتوبر 2023 سے 30 مارچ 2024 تک کے درمیانی عرصے میں دستیاب ہوں گی۔
واضح رہے کہ اس وقت اماراتی ایئر لائن لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ کے لیے روزانہ چھ اے 380 پروازیں چلاتی ہے۔
اضافی پروازوں کے حوالے سے امارات ایئر لائن نے بتایا ہے کہ یہ پروازیں منگل، بدھ، جمعرات، جمعہ اور ہفتہ کو دستیاب ہوں گی۔
امارات ایئر لائن کی پروازیں بوئنگ 777-300 ای آر طیارے پر ہوں گی جن میں فرسٹ، بزنس اور اکانومی کلاسز میں نشستیں دستیاب ہوں گی۔
یاد رہے کہ امارات ایئرلائن پورے برطانیہ کے لیے ہفتے میں کل 126 پروازیں چلاتی ہے جن کی منازل میں مانچسٹر، لندن گیٹوک، برمنگھم، گلاسگو، اسٹینسٹڈ اور نیو کیسل شامل ہیں۔