عمران خان کو بدترین سیاسی انتقام کا نشانہ بناکر قانون کی دھجّیاں اڑائی جارہی ہیں متنازعہ ترین ٹرائل میں سزا اورجیل میں قیدِ سفّاکیّت کی سیاہ تاریخ رقم کی جارہی ہے، عمران خان کو قانون کے مطابق سہولیات اور حقوق فراہم کئے جائیں۔ کورکمیٹی تحریک انصاف

اسلام آباد  پاکستان تحریک انصاف نے کہا ہے کہ عمران خان کو بدترین سیاسی انتقام کا نشانہ بناکر قانون کی دھجّیاں اڑائی جارہی ہیں، متنازعہ ترین ٹرائل میں سزا اورجیل میں قیدِ سفّاکیّت کی سیاہ تاریخ رقم کی جارہی ہے، عمران خان کو قانون کے مطابق سہولیات اور حقوق فراہم کئے جائیں۔ ٹویٹر پر جاری اعلامیہ پی ٹی آئی کے مطابق کور کمیٹی کے اہم ترین اجلاس میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کو ایک متنازعہ عدالتی فیصلے کے نتیجے میں جیل میں ڈالنے کے بعد بدترین قیدِ تنہائی میں رکھنے کی شدید مذمت کی گئی۔

چیئرمین عمران خان کے معالج کو اب تک رسائی نہ دینے کی بھی شدید مذمت کی گئی۔ وکلاء اور اہلِ خانہ کی ملاقاتوں میں بے جا رکاوٹوں پر بھی شدید ردِعمل کا اظہار ، چیئرمین عمران خان کو بدترین سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے کیلئے قانون و حقوق کی دھجّیاں اڑائی جارہی ہیں،متنازعہ ترین ٹرائل میں سزا سے لیکر جیل میں قیدِ تنہائی میں ڈالنے تک سفّاکیّت کی سیاہ تاریخ رقم کی جارہی ہے، چیئرمین عمران خان کو جیل مینوئل کی روشنی میں نہایت بنیادی سہولیات سے محروم کرکے ان کے حوصلے کو توڑنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

کور کمیٹی کے اجلاس میں کہا گیا کہ کسی فرد بشمول جیل کے عملے کو بھی ان کے سیل کے آس پاس آنے کی یا ان سے بات کرنے کی اجازت نہیں، روزانہ کی بنیاد پر ٹرائل چلانے کے بعد ان کی درخواستِ ضمانت پر سماعت میں بلاجواز تاخیر ظلم و جبر کی ایک بدترین مثال ہے، عدالتِ عظمیٰ قومی ہیرو، سابق منتخب وزیراعظم، ملک کی سب سے بڑی جماعت کے چیئرمین اور قوم کے مقبول ترین قائد کے بنیادی حقوق کی بےرحمانہ پامالی کا نوٹس لے۔ کورکمیٹی تحریک انصاف نے مطالبہ کیا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو قانون کے تحت میسر حقوق، ان کے معالج و وکلاء تک رسائی کو یقینی بنایا جائے اور انہیں تمام قانونی حقوق فراہم کئے جائیں۔

Spread the love

اپنا تبصرہ بھیجیں