پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین کو سزا سنانے والے ایڈیشنل سیشن جج ہمایوں دلاور کی خدمات واپس اسلام آباد ہائی کورٹ کے سپرد کر دی گئیں ہیں جہاں پر خالی پوسٹ پر ان کی جلد تعیناتی متوقع ہے۔
رجسٹرار اسلام آباد ہائیکورٹ نے ہمایوں دلاور کی ٹرانسفر کا نوٹیفکیشن جاری کردیا جس کے مطابق انہیں اسلام آباد ہائی کورٹ رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ایڈیشنل سیشن جج نے توشہ خانہ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کو سزا سنائی تھی۔ ہمایوں دلاور اسلام آباد میں بطور ایڈیشنل سیشن جج فرائض سر انجام دے رہے تھے۔
دوسری جانب ہمایوں دلاور کو او ایس ڈی بنانے کی اصل وجہ بھی سامنے آ گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق ہمایوں دلاور نے یوکے میں ٹریننگ سے واپسی پر چیف جسٹس ہائی کورٹ کو خط لکھ کر خود کو درپیش سیکیورٹی خدشات سے آگاہ کیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ہمایوں دلاور کو خدشہ تھا کہ کورٹ میں بھی کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش آ سکتا ہے، انہیں یو کے میں ٹریننگ کے دوران بھی احتجاج اور تھریٹس کا سامنا تھا۔