بجلی کے ایک یونٹ کی قیمت 1 ہزار 873 روپے چارج کر دی گئی کراچی کے شہری کو صرف 2 یونٹس بجلی کے استعمال پر ہزاروں روپے کا بل موصول ہو گیا

کراچی  بجلی کے ایک یونٹ کی قیمت 1 ہزار 873 روپے چارج کر دی گئی، کراچی کے شہری کو صرف 2 یونٹس بجلی کے استعمال پر ہزاروں روپے کا بل موصول ہو گیا۔ ایکسپرس نیوز کی رپورٹ کے مطابق دنیا کی مہنگی ترین بجلی استعمال کرنے کا اعزاز کراچی کے محمد رضوان کے حصہ میں آگیا۔ بجلی کا خرچ کم ہونے کے باوجود ٹیریف کے ساتھ گزشتہ سال کے 4مہینوں کے ایڈجسٹمنٹ، فیول سرچارج، ایڈیشنل سرچارج اور یونیفارم ایڈجسٹمنٹ سمیر سیلز ٹیکس، الیکٹرک سٹی ڈیوٹی عائد ہونے سے صارفین کو بجلی کے دگنے بل موصول ہو رہے ہیں۔

ایسا ہی کچھ کراچی کے محمد رضوان نامی شہری کے ساتھ بھی ہوا، جس کو محض 2 یونٹس بجلی کا کرنٹ بل 3747 روپے موصول ہوا جس میں نامعلوم قسم کے ایڈجسٹمنٹ شامل کرکے بل 3747 روپے تک پہنچا دیا گیا۔

 بتایا گیا ہے کہ 2 یونٹ کا 16.30 روپے ٹیریف کے لحاظ سے خرچ ہونے والی بجلی کی قیمت 33 روپے بنتی ہے تاہم شہری کو 3747 روپے کا ٹیکہ لگا دیا گیا۔ واضح رہے کہ بجلی کے زائد بلوں پر عوامی احتجاج میں شدت آ گئی جس کے بعد ملک بھر میں بجلی کی تمام تقسیم کار کمپنیوں سے مربوط کوارڈینیشن کیلئے پاور ڈویژن میں مرکزی کنٹرول روم قائم کردیا گیا۔

کنٹرول روم میں تعینات افسرن تقسیم کار کمپنیوں اور متعلقہ صوبوں کے آئی جیز اور چیف سیکرٹری سے امن و امان کی صورت حال بگڑنے پر رابطہ قائم کرے گا ۔ کنٹرول روم میں تعینات افسران عوامی ردعمل کے نتیجے میں بجلی دفاتر کو ہونے والے نقصانات کی تفصیلی رپورٹ بھی مرتب کرکے اعلیٰ حکام کو پیش کریں گے۔ مرکزی کنٹرول روم 25 اگست سے 31 اگست تک قائم کیا گیا ہے۔

مرکزی کنٹرول روم میں روزانہ پاور ڈویڑن کا ایک جوائنٹ سیکرٹری،ڈپٹی سیکرٹری اور سیکشن افسران شفٹوں میں 24 گھنٹے کام کریں گے۔ پاور ڈویڑن نے آفس آرڈر جاری کردیا۔ واضح رہے کہ ملک بھر میں بجلی کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافے کے بعد بھاری بلز اور ٹیکسز نے عوام کو سڑکوں پر نکلنے پر مجبور کر دیا ہے، ملک بھر کے چھوٹے بڑے شہروں میں عوام بجلی کے بلوں میں بے تحاشہ اضافے کے خلاف شدید احتجاج ریکارڈ کروا رہے ہیں۔

ملک کے بیشتر چھوٹے بڑے شہروں میں مہنگی بجلی کے خلاف تاجروں کی جانب سے مظاہرے کیے جا رہے ہیں،جس میں حکومت سے بجلی کے بلوں میں شامل اضافی ٹیکس اور بجلی کی مسلسل بڑھتی ہوئی قیمت کو کم کرنے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔ کئی مقامات پر مظاہرین نے بجلی کے بلوں کو نذر آتش کیا ، احتجاجی مظاہروں میں خواتین بھی شریک ہو رہی ہیں۔
بجلی کے بلوں میں بے تحاشہ اضافے کیخلاف عوامی احتجاج کی اردو پوائنٹ کی کوریج ملاحظہ کیجیے:

Spread the love

اپنا تبصرہ بھیجیں