چینی کی قیمت 300 روپے ہو جانے کا امکان ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان نے چینی امپورٹ کرنے کیلئے خط لکھ دیا، بیرون ملک سے مہنگی چینی خریدے جانے پر خریداروں پر 120 روپے فی کلو کا اضافی بوجھ پڑے گا

لاہور  چینی کی قیمت 300 روپے ہو جانے کا امکان۔ تفصیلات کے مطابق ملک میں چینی کا خوفناک بحران پیدا ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا۔ آج نیوز کی رپورٹ کے مطابق ملک میں چینی کی فی کلو قیمت 300 روپے تک پہنچ جانے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ملک میں چینی کے مقامی ذخائر ختم ہونے کا خدشہ ہے، اسی باعث ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان نے چینی امپورٹ کرنے کیلئے خط لکھ دیا ہے۔

بیرون ملک سے مہنگی چینی خریدے جانے پر خریداروں پر 120 روپے فی کلو کا اضافی بوجھ پڑے گا۔ دوسری جانب دنیا نیوز کی رپورٹ کے مطابق 13 جماعتوں کی سابقہ وفاقی حکومت کے دور میں چینی کی ایکسپورٹ کی اجازت دیے جانے کے باعث ناصرف چینی کی قیمت میں ہوشربا اضافہ ہوا، بلکہ چینی کی صنعت سے وابستہ سرمایہ کاروں نے اربوں روپے کا فائدہ بھی حاصل کر لیا۔

بتایا گیا ہے کہ سابق حکومت کی جانب سے چینی کی ایکسپورٹ کی اجازت دیے جانے کے بعد گزشتہ مالی سال کے دوران 2 لاکھ 15 ہزار 751 میٹرک ٹن چینی ایکسپورٹ کی گئی، جس سے چینی کی صنعت سے وابستہ سرمایہ کاروں نے 10 کروڑ 45 لاکھ 16 ہزار ڈالرز یعنی تقریباً 30 ارب روپے کا فائدہ حاصل کیا۔ گزشتہ حکومت کے فیصلے کے باعث رواں مالی سال کے پہلے ماہ میں بھی 5 ہزار ٹن سے زائد چینی ایکسپورٹ کی گئی۔

بتایا گیا ہے کہ سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی جانب سے چینی کی ایکسپورٹ کی اجازت دی گئی تھی، جس کا یہ نتیجہ نکلا کہ چند ہی ماہ میں ملک میں چینی کی اوسط قیمت 90 روپے سے بڑھ کر 185 روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی۔ جبکہ یہ انکشاف بھی ہوا ہے کہ ملک سے لاکھوں ٹن چینی افغانستان سمگل بھی کی گئی، جس کی وجہ سے ملک میں چینی کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہوا۔

دنیا نیوز کی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ عالمی منڈی میں چینی کی بڑھتی قیمت کے باعث رواں سیزن میں 7 لاکھ ٹن سے زائد چینی افغانستان سمگل کی جا چکی ہے، اپریل 2023 میں پنجاب حکومت کی جانب سے اس وقت کارروائی کا فیصلہ کیا گیا جب 4 لاکھ ٹن چینی افغانستان سمگل کیے جانے کا انکشاف ہوا، چینی سمگلنگ سے منسلک افراد کو 115 ارب روپے کا فائدہ ہوا۔ اس تمام صورتحال میں اب نگران وزارت خزانہ نے چینی کی ایکسپورٹ پر پابندی عائد کر دی ہے۔

Spread the love

اپنا تبصرہ بھیجیں