سال 2023 کی پہلی ششماہی کے دوران دبئی چیمبر آف کامرس میں 3,395 نئی کمپنیوں نے شمولیت اختیار کی، جس کے بعد پاکستان رجسٹرڈ کمپنیوں کی درجہ بندی میں تیسرے نمبر پر آگیا ہے۔
دبئی حکومت کے میڈیا آفس کی جانب سے بدھ کو جاری ایک بیان کے مطابق، یہ اضافہ گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 59 فیصد زیادہ تھا، چیمبر میں پاکستانی کمپنیوں کی کل تعداد 40,315 تک پہنچ گئی ہے۔
دبئی چیمبر آف کامرس، دبئی چیمبرز کی چھتری تلے کام کرنے والے تین چیمبرز میں سے ایک ہے، جس کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے ہندوستان نے 6,717 نئی ہندوستانی ملکیتی کمپنیوں کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی ہے۔
دوسرے ممالک جن کی نئی کمپنیوں کی رجسٹریشن میں بڑے پیمانے پر اضافہ ہوا ہے ان میں مصر بھی شامل ہے، جس کی 2,154 نئی کمپنیاں چیمبر میں شامل ہوئیں۔
چین بھی نئے چیمبر ممبران کے لیے سرفہرست قومیتوں میں شامل تھا جس کی 2023 میں 664 نئی کمپنیاں شامل ہوئیں۔