اسلام آباد حکومت نے اسمگلنگ کی روک تھام کیلئے سرحدی علاقوں میں آپریشن شروع کر دیا ہے، نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ گزشتہ48 میں کریک ڈاؤن کے مثبت نتائج موصول ہوئے ہیں، ہمسایہ ممالک نے اسمگلنگ کی روک تھام کا خیرمقدم کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ سے اسلام آباد ایوانِ تجارت و صنعت کے وفد کی صدر احسن ظفر بختاوری کی قیادت میں ملاقات، ملاقات میں وزیرِ اعظم نے کہا کہ کاروباری برادری کے مسائل کا حل حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے. آپکی تجاویز کا خیر مقدم کرتا ہوں، ان میں سے قابل عمل تجاویز پر عملدرآمد کی یقین دہانی کرواتا ہوں، وزیرِ اعظم نے کہا کہ وزارت عظمی کی ذمہ داریاں سنبھالتے ہی کاروباری برادری سے ملاقاتیں کیں اور ان کے مسائل سنے. کاروباری برادری موجودہ ملکی معاشی حالات کے باوجود ملکی معیشت کی ترقی میں اپنا اہم کردار ادا کرنے کے ساتھ ساتھ روزگار کے مواقع فراہم کر رہے ہیں۔
حکومت کی اصلاحات سے وفد کو آگاہ کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے بتایا کہ حکومت ٹیکس کے نظام میں اصلاحات یقینی بنا رہی ہے جسکے لئے ٹیکس کا نظام ڈیجٹلائز کیا جا رہا ہے، جب تک پاکستان میں ٹیکس وصولی میں اضافہ نہیں ہوتا تب تک ملکی معیشت کی بہتری ممکن نہیں۔ اسمگلنگ کی روک تھام کیلئے ملک بھر بالخصوص سرحدی علاقوں میں آپریشن شروع کر دیا گیا ہے. اسمگلنگ کی روک تھام کے حوالے سے گزشتہ48 کے دوران کریک ڈاؤن کئے گئے ہیں جن کے مثبت نتائج موصول ہو رہے ہیں۔
ہمسایہ ممالک کے ساتھ تجارت کے فروغ کے حوالے سے مشاورت جاری ہے. اسمگلنگ کی روک تھام کا ہمسایہ ممالک کے حکام نے خیر مقدم کیا ہے۔ وزیرِاعظم نے مزید کہا کہ تاجروں، صنعت کاروں اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرکے ملکی معیشت کو مزید مستحکم کریں گے۔ بجلی کے شعبے میں اصلاحات کا عمل تیزی سے جاری ہے، بجلی چوروں کے خلاف مؤثر کاروائی کی جائے گی، ملکی مسائل کے حل کیلئے تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت ضروری ہے۔
اجلاس میں وزیرِ اعظم نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ وزارت کامرس ملک بھر کے چیمبرز سے باقائدگی سے تجاویز و مشاورت کو یقینی بنائے. ایف بی آر پوائنٹ آف سیلز کے دائرہ کار کو وسیع کرنے کے حوالے سے جلد رپورٹ پیش کی جائے۔ وزیرِ اعظم نے یہ بھی ہدایت کی کہ پاکستانی سفارتخانوں میں تعینات کمرشل اتاشیوں کی کارکردگی کو بہتر کیا جائے. سی ڈی اے کے نظام میں بہتری لائی جائے اور کاروباری برادری کو مشاورتی عمل کا حصہ بنایا جائے، سی ڈی اے شہریوں کو فراہم کی جانے والی تمام سہولیات اور لینڈ ریکارڈ کو ڈیجٹلائز کرے۔
ملاقات میں سیکٹری کامرس، سیکٹری صنعت چیئرمین ایف بی آر، چیئرمین سی ڈی اے اور متعلقہ اعلی حکام نے بھی شرکت کی۔ ملاقات میں تاجر برادری نے نگران وزیرِاعظم کو وزارت عظمی کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی، وفد نے وزیرِ اعظم کو تاجر برادری کے مسائل کے حوالے سے آگاہ کیا اور ان کے حل کیلئے اپنی تجاویز پیش کیں. وزیرِ اعظم نے وفد کی تجاویز کا خیر مقدم کیا اور ان کے مسائل کے حل کی یقین دہانی کروائی۔