اسلام آباد پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنماء اور سابق وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ بجلی گیس اور ٹیکس چور بےنقاب ہونے چاہئیں یہ قومی مجرم ہیں، چوروں سے نجات غربت اور مہنگائی سے نجات ہے۔ انہوں نے ایکس پر اپنے بیان میں سیکرٹری پاورڈویژن سے مطالبہ کیا کہ راشد پلیز ٹویٹ اردو میں کریں تا کہ عام شہری کو یہ پتہ لگے کہ وہ کن اور کہاں کے چوروں کا بوجھ اٹھا رہے ہیں۔
یہ بہت ضروری ھے کہ آپ کی یہ کاوش اور اس کی کامیابی بھی عام شہری کو معلوم ہو۔ چوری سارے ملک میں ہو رہی ہے اور عملہ اس میں شامل ھے عوام کو بجلی چوروں کی شناخت ھونی چاھئیے ۔ اللہ اس جہاد میں آپکی مدد اور نصرت فرمائے۔ وطن عزیز کو ببیرونی دشمنوں سے کہیں زیادہ اندرونی دشمنوں سے خطرہ ہے۔
یہ بجلی گیس اور ٹیکس چور بے نقاب ہونے چاہئیں یہ قومی مجرم ھیں ۔
ان سے نجات غربت اور مہنگائی سے نجات ہے۔دوسری جانب ملک بھر میں بجلی سپلائی کمپنیوں کی طرح لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو )ریجن میں بھی بجلی چوروں کے خلاف 16ویں روز بھی آپریشن جاری رہا ، تمام سرکلز میں 618 کنکشنز بجلی چوری میں ملوث پائے گئے، 616 بجلی چوروں کے خلاف ایف آئی آرز کی درخواستیں متعلقہ تھانوں میں دائر کر دی گئیں جن میں سے 239 ایف آئی آرز رجسٹرڈ کر لی گئیں جبکہ 22 ملزمان کو گرفتار بھی کیا گیا ہے، لیسکو کے ڈیڈ ڈیفالٹرز سے ریکوری کا سلسلہ بھی جاری ہے ۔
لیسکو ترجمان کے مطابق پکڑے جانے والے کنکشنز میں انڈسٹریل1، زرعی 3، کمرشل 18 اور596 ڈومیسٹک تھے، تمام کنکشنز منقطع کرکے 13 لاکھ 73 ہزار599 یونٹس ڈٹیکشن بل کی مد میں چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت 6 کروڑ 40 لاکھ 65 ہزار149 روپے بنتی ہے۔ ترجمان کے مطابق بجلی چوروں کے خلاف کئے جانے والے آپریشن میں بڑے زرعی اور کمرشل صارفین بھی بجلی چوری میں ملوث پائے گئے ۔ ان تمام کے کنکشنز بھی منقطع کئے گئے اور ان کو ڈٹیکشن یونٹس چارج کئے گئے۔