پاکستان کے عوام نوازشریف کا استقبال کرنے کیلئے بے تاب ہیں، مریم نواز اکتوبر کو پاکستان کے مستقبل کا فیصلہ ہوگا، رانا ثناء اللہ

مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز کا کہنا ہے کہ پاکستان کے عوام اپنے قائد میاں نوازشریف کا استقبال کرنے کے لیے بے تاب ہیں، نوازشریف کے استقبال میں ہر طبقے کے لوگ موجود ہوں گے۔

سابق وزیراعظم نوازشریف کی واپسی کے حوالے سے ماڈل ٹاؤن سیکرٹریٹ لاہور میں مسلم لیگ(ن) وکلاء ونگ کا اہم اجلاس ہوا، جس میں چیف آرگنائزر ن لیگ مریم نواز نے لندن سے ویڈیو لنک پر خصوصی شرکت کی۔

اجلاس میں سابق وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ اور پنجاب کے صدر رانا ثناءاللہ بھی شریک ہوئے، اس کے علاوہ نصیر بھٹہ،عطا اللہ تارڑ، محسن رانجھا، انوشہ رحمان، عظمیٰ بخاری، رانا ارشد سمیت صدر لائرز ونگ رانا ظفر اقبال ، جنرل سیکرٹری عنصر بلوچ، خاور اکرام بھٹی، رفاقت ڈوگر، صفدر جٹ، ملک شہباز نٹھر، امتیاز الٰہی، ناصر چوہان، ملک ذیشان اعوان اور پنجاب بھر سے آئے ڈویژن اور ڈسٹرکٹ کے عہدیدار نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔

وکلاء سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام اپنے قائد نوازشریف کے استقبال کے لیے بے تاب ہیں، پاکستان کے وکلاء نواز شریف کے فرنٹ لائن سولجرز ہیں، وکلا برادری نے ہر موقع پر نواز شریف کا ساتھ دیا، سیکڑوں عدالتی پیشیاں ہوں، کوٹ لکھپت ہو یا اڈیالہ جیل کی قید ہر جگہ وکلا نوازشریف کے ساتھ کھڑے رہے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا کہ وکلاء تحریک واضح ثبوت ہے کہ نواز شریف جب باہر نکلتا ہے تو عوام ان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہوتے ہیں، پاکستان کی جمہوریت پسند وکلا برادری نے ہمیشہ نواز شریف کو ہی سپورٹ کیا ہے۔

صدر نون لیگ پنجاب رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ قائد نواز شریف کے تاریخی استقبال کے لیے بھرپور تیاریاں جاری ہیں، 21 اکتوبر کو پاکستان کے مستقبل کا فیصلہ ہوگا، جمہوریت کی بحالی اور سویلین بالا دستی کے لیے وکلاء کی جدوجہد اہمیت کی حامل ہے۔

رانا ثناء اللہ نے مزید کہا کہ نواز شریف واپس آئیں پاکستان کی وکلاء برادری ان کے استقبال کے لیے فرنٹ لائن میں کھڑی ہوگی، نواز شریف کا بیانیہ واضح اور دو ٹوک ہے، جمہوریت کی کامیابی، آئین کی بالادستی اور اداروں کا استحکام ہی مضبوط پاکستان کی ضمانت ہے۔

اجلاس سے عطا اللہ تارڑ نے بھی خطاب کیا اور وکلا کی قربانیوں اور آئین اور جمہوریت کی خاطر ہونے والی تحریکوں پر خراج تحسین پیش کیا۔

Spread the love

اپنا تبصرہ بھیجیں