اسلام آباد پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق قیاس آرائیوں پر اوگرا کا ردِعمل آ گیا۔ترجمان اوگرا نے کہا کہ شہری پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق قیاس آرائیوں پر کان نہ دھریں۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں عالمی منڈی اور ڈالر ریٹ پر منحصر ہیں۔ حالیہ دنوں عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔
ترجمان اوگرا نے مزید کہا کہ نئی قیمتوں کے اعلان میں ابھی ایک ہفتہ باقی ہے۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق قیاس آرائی تیل کی سپلائی چین میں خلل ڈال سکتی ہے۔خیال رہے کہ ملک میں ڈالر کی قدر نیچے گرنے کے باعث یکم اکتوبر سے پیٹرول ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کا امکان ہے، پٹرول کی قیمت میں 11.98 روپے اور ڈیزل کی قیمت میں 9.17 روپے کی کمی ہوسکتی ہ
ملک میں پاکستانی کرنسی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر مسلسل نیچے گررہی ہے، جس کے باعث پیٹرولیم مصنوعات کی پیداواری لاگت میں بھی کمی آگئی ہے، پیداواری لاگت میں کم آنے کے بعد ملک میں ڈیزل اور پیٹرول کی قیمتوں میں کمی کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ یکم اکتوبر سے ڈیزل کی قیمت میں9.17 روپے، پٹرول کی قیمت میں 11.98 روپے اور مٹی کے تیل کی قیمت میں 5.58 روپے کی کمی ہوسکتی ہے۔
پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کا فیصلہ 30 ستمبر کو کیا جائے گا۔ دوسری جانب لاہور ہائی کورٹ نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف درخواست پر فریقین کو نوٹس جاری کر دیے۔ عدالت عالیہ میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔ لاہور ہائی کورٹ نے فریقین کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات میں اضافہ کر کے عوام پر ظلم کیا،پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو کالعدم قرار دیا جائے۔