’فلسطینی مجاہدین کا اسرائیل پر حملہ تاریخی کامیابی اور معرکہ ہے‘ جے یو آئی آئندہ جمعہ کو ملک بھر میں اہل فلسطین کے ساتھ اظہار یکجہتی کریں گے، فضل الرحمان

جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ ’فلسطینی مجاہدین کا اسرائیل پر حملہ تاریخی کامیابی اور تاریخی معرکہ ہے‘۔ جے یو آئی آئندہ جمعہ کو ملک بھر میں اہل فلسطین کے ساتھ اظہار یکجہتی کریں گے۔

مولانا فضل الرحمان نے ایک بیان میں کہا کہ فلسطینی مجاہدین نے اپنے علاقوں کو اسرائیل کے غاصبانہ قبضے سے چھڑایا، فلسطینی عوام کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ جے یو آئی نے ہمیشہ فلسطینیوں کے موقف کو صحیح سمجھا ہے، ہماری جماعت تسلسل سے فلسطینیوں کے موقف کے شانہ بشانہ کھڑی رہی، آج بھی ہم اپنے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ ہیں۔

انھوں نے کہا کہ دنیا سمجھ رہی تھی مسئلہ فلسطین مردہ بن چکا، ایک طبقے نے اسرائیل کو تسلیم کرانے کی ناکام کوشش کی، تازہ واقعے نے ثابت کردیا کہ مسئلہ فلسطین مردہ نہیں ہوا۔

ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حملے نے اسرائیل کے دفاعی نظام اور ان کے گھمنڈ کو زمیں بوس کردیا، اسرائیل کوئی بڑی قوت نہیں ہے اسے بڑھا چڑھا کر پیش کیا جاتا ہے۔

فضل الرحمان کا مزید کہنا تھا کہ فلسطینی بھائیوں سے اپیل ہے کہ انسانی حقوق کا احترام کریں، بچوں، عورتوں اور عام شہریوں کو نقصان نہ پہنچائیں۔

سربراہ جی یو آئی نے کہا کہ فلسطینی ثابت کریں کہ اسلام اور مسلمان کیسے انسانی حقوق کا تحفظ کرتا ہے۔

انھوں نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں امن کے قیام کو یقینی بنانے کی منصوبہ بندی کی جائے، اقوام متحدہ اپنا فرض پورا کرے۔ 1967 کی قراردادوں پر عملدرآمد کرائے اور بیت المقدس کو مسلمانوں کے حوالے کرے۔

Spread the love

اپنا تبصرہ بھیجیں