صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں ٹک ٹاک کے جنون نے نوجوان کی جان لے لی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ ماڑی پور فٹ بال گراؤنڈ کے قریب پیش آیا جہاں گھر میں اتفاقیہ فائرنگ سے میٹرک کا طالب علم جاں بحق ہوگیا، مقتول سینے پر پستول رکھ کر ٹک ٹاک بناتے ہوئے گولی چلنے کے باعث جان سے چلا گیا، جس کی لاش سول ہسپتال منتقل کردی گئی۔
ترجمان کراچی پولیس نے بتایا کہ مقتول کی شناخت 18 سالہ عدیل ولد فضل کریم کے نام سے ہوئی، جس کی موت کا واقعہ ذاتی اسلحہ سے اتفاقیہ گولی چلنے سے پیش آیا، مقتول چار بہن بھائیوں میں سب سے بڑا اور میٹرک کا طالب علم تھا اور علاقے میں انٹرنیٹ کیبل کا کام بھی کرتا تھا، پولیس نے قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد لاش ورثاء کے حوالے کردی اور واقعے کی تحقیقات کا بھی آغاز کر دیا گیا۔
ادھر صوبہ پنجاب کے شہر ننکانہ صاحب میں بھی ٹک ٹاک ویڈیو بناتے ہوئے اچانک بندوق چلنے سے نوجوان چل بسا، یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ننکانہ صاحب میں اٹاری چاکر کےعلاقے میں ٹک ٹاک بناتے ہوئے اچانک بندوق چلنے سے نوجوان جان موت کے منہ میں چلا گیا۔ پولیس نے کہا ہے کہ گولی لگنے سے لاہور سے آیا ہوا 17سالہ حمزہ جاں بحق ہوا، مقتول اپنے کزن ذیشان کے ساتھ ٹک ٹاک بنا رہا تھا، واقعے کے بعد پولیس نے مقتول کے کزن ذیشان کو حراست میں لے کر مزید تفتیش شروع کردی۔
اسی طرح ملتان میں بھی ٹک ٹاک بناتے ہوئے گولی چلنے سے نوجوان جاں بحق ہو گیا، 3 ماہ بعدلاپتا ہونے والے نوجوان کی لاش برآمد کرکے 3 ملزمان کو گرفتارکرلیا گیا، ملزمان نے تفتیش کے دوران انکشاف کیا کہ ٹک ٹاک بناتے ہوئے اتفاقیہ طور پر گولی چل جانے سے ٹک ٹاکر کی موت واقع ہوگئی، جس کے بعد انہوں نے خوف کے باعث لاش خالی گراؤنڈ میں زمین کھود کر دبا دی۔
پولیس حکام نے بتایا کہ ملتان کے علاقہ مظفر آباد میں 3 ماہ قبل سہیل نامی ایک نوجوان لاپتہ ہوگیا تھا، پولیس نے اس کے اغوا کا مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی تھی، اب ملزمان کی نشاندہی پر لاش گڑھے سے برآمد کرکے پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کردی ہے۔ قبل ازیں خیبرپختون خوا کے ضلع سوات میں ہاتھ میں پستول لے کر ٹک ٹاک ویڈیو بنانے والا نوجوان گولی لگنے سے جاں بحق ہوگیا تھا، پولیس حکام نے اس حوالے سے بتایا تھا کہ نوجوان ہاتھ میں پستول لے کر آیا اور اسے لوڈ کرکے اپنی کنپٹی پر رکھ کر ٹک ٹاک ویڈیو بنانا شروع ہوا، ویڈیو ریکارڈنگ کے دوران نوجوان سے ٹریگر دبا اور گولی چل گئی، جو اُس کے دماغ کو چیرتی ہوئی دوسری طرف سے باہر نکل گئی اور وہ موقع پر ہی چل بسا۔