خشک سردی سے پریشان عوام تیاری پکڑ لیں، شدید دھند اور سردی کی لہر کے بعد جنوری کے آخری ہفتے بارشوں کی خوشخبری سنا دی گئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق رواں ہفتے کے دوران پنجاب ، خیبر پختونخوا اور بالائی سندھ کے میدانی علاقے شدید دھندکی لپیٹ میں رہیں گے ۔ شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے، شدید دھند کے باعث پنجاب کے بیشترعلاقوں میں دن کے درجہ حرارت معمول سے کم رہیں گے۔
رپورٹ کے مطابق جمعرات کے روز ملک کے بیشتر بالائی علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ شمالی علاقوں اور شمالی بلوچستان میں شدید سرد رہے گا۔
جبکہ پنجاب ، خیبر پختونخوا کے میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں شدید دھند/ سموگ چھائے رہے گی۔ اس دوران کشمیر اور خطہ پوٹھوہار میں صبح کے اوقات میں کہرا پڑنے کی توقع کی جارہی ہے ۔
رپورٹ کے مطابق جمعہ کے روز ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ با لائی علاقوں اور شمالی بلوچستان میں شدید سرد رہے گا۔ تاہم گلگت بلتستان اور بالائی خیبرپختونخوا میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ بارش اور برفباری متوقع ہے ۔
اس دوران بالائی سندھ، خیبر پختونخوا اور پنجاب کے میدانی علاقوں میں صبح اور رات کے اوقات میں شدید دھند، سموگ چھائے رہنے کا امکان ہے ۔ تاہم صبح کے اوقات میں خطہ پوٹھوہار میں اوربالائی پنجاب میں چند مقا مات پر کہرا پڑنے کی توقع کی جارہی ہے۔
محکمہ موسمیات نے خشک سردی سے پریشان عوام کو خوشخبری سناتے ہوئے کہا ہے کہ وہ تیاری پکڑ لیں ،جنوری کے آخری ہفتے اور فروری کے شروع میں گرج چمک کیساتھ بارشیں متوقع ہیں جبکہ 2024 کے انتخابات کے دوران بارشوں اور برفباری کا امکان ہے۔