بغیر لائسنس ڈرائیورز کےخلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ مقدمات کی تعداد 26 ہزار سے زائد ہو گئی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق سی ٹی او لاہور عمارہ اطہر کا کہنا ہے کہ کریک ڈاؤن میں اب تک بغیر لائسنس 26ہزار سے زائد مقدمات درج کیے گئے اور گاڑیاں بھی تھانوں میں بند بند کی گئیں۔ بغیر لائسنس گاڑی،موٹرسائیکل چلانے والے کسی رعائت کے مستحق نہیں، کم عمر بچوں کو گاڑی، موٹرسائیکل دینے والے بھی کسی معافی مستحق نہیں، انہوں نے کہا کہ بغیر لائسنس کار ڈرائیونگ پر 05 ہزار جبکہ موٹرسائیکل چلانے پر 21 ہزار مقدمات درج کئے گئے، کم عمر ڈرائیونگ پر 09 ہزار 737 مقدمات درج کروائے گئے، 16 جنوری سے نئے فیس شیڈول کا اطلاق ہوگا، حادثات کی روک تھام اور محفوظ سفر کو یقینی بنانے کےلئے کریک ڈاؤن جاری رہے گا۔
یہاں واضح رہے کہ یکم جنوری سے لائسنس فیسوں میں اضافے کی منظوری دی گئی تھی تاہم نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے نئے سال کی خوشی میں پرانی فیس کے ساتھ ڈرائیونگ لائسنس بنوانے کی تاریخ میں 9 جنوری تک توسیع کر دی تھی ۔ چیف ٹریفک آفیسر لاہور عمارہ اطہر نے کہا کہ کار اور موٹرسائیکل کے فی لرنر پرمٹ کے لئے 500 روپے فیس جمع کرانی ہوگی،شہری اب 1، 2، 3، 5اور 10سال تک کے لئے لائسنس حاصل کرسکیں گے۔
انہوں نے کہا کہ شہری گھر بیٹھے انٹرنیشنل اور ریگولر لائسنس کی تجدید کرا سکتے ہیں۔ نئے فیس شیڈول کے مطابق شہری ہر سال اپنے لائسنس کی تجدید کرا سکیں گے۔ شہریوں کی سہولت اور آسانی کیلئے تمام لائسنس دفاتر کھلے ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ لبرٹی پولیس خدمت مرکز میں ون ونڈو آپریشن کامیابی سے جاری ہے، شہر میں 8 خدمت مراکز 24/7 کام کر رہے ہیں جبکہ آن لائن سروسز فراہم کرنے سے رش میں 90 فیصد کمی ہوئی ہے۔