انتقام نواز شریف نہیں بلکہ قدرت لے رہی ہے،مریم نواز نواز شریف اور عوام پر ظلم کرنے والا ایک ایک ظالم اپنے عبرتناک انجام کو پہنچ رہا ہے، مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر کا اوکاڑہ میں انتخابی جلسے سے خطاب

پاکستان مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزرمریم نواز نے کہا ہے کہ نواز شریف اور عوام پر ظلم کرنے والا ایک ایک ظالم اپنے عبرتناک انجام کو پہنچ رہا ہے۔ انتقام نواز شریف نہیں بلکہ قدرت لے رہی ہے۔ جو جتنا بڑا ظالم ہوتا ہے اتنا ہی بڑا بزدل ہوتا ہے۔ اوکاڑہ میں انتخابی جلسے سے مریم نوازنے اپنے خطاب کے آغاز پر عوام کی بڑی تعداد کو دیکھتے ہوئے خوشی کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف نے انہیں یہ پیغام دینے کی ہدایت کی ہے کہ وہ اوکاڑہ سے پیار کرتے ہیں اور اوکاڑہ والوں نے بھی ان کے ساتھ ہمیشہ وفا نبھائی ہے۔

اوکاڑہ والوں کو خراب سیاسی موسم میں بھی ن لیگ کا ساتھ نہ چھوڑنے پر سلام پیش کرتی ہوں۔ انہوں نے کہا کہ شدید سردی میں یہ جلسہ بتا رہا ہے کہ 8 فروری کو شیر اوکاڑہ میں شیر دھاڑے گا ۔

لاہور سے نکلتے ہوئے سوچ رہی تھی سردی اور دھند ہے گھروں سے نکل کر کون آئیگا لیکن یہاں تو عوام کا جم غفیر ہے، اوکاڑہ کے لوگوں نے مجھے زندگی بھرکیلئے خرید لیا ہے ۔

مریم نوازکا مزید کہنا تھا کہ شور مچایا جا رہا ہے کہ ہمارا انتخابی نشان چھین لیا گیا ہے ۔ تمہارا انتخابی نشان وہ گھڑی ہونی چاہئے تھی جو چوری کی گئی ۔ ان کا کہنا تھا کہ قدرت کی عدالت نے پاکستان اور نواز شریف پر ہونے والے ظلم کا ازخود نوٹس لے لیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کس طرح یہ بزدل دم دبا کر جوتیاں چھوڑ کر بھاگے ہیں، استعفیٰ پر استعفیٰ آ رہا ہے، اوکاڑہ کے غیور عوام کے سامنے کچھ باتیں رکھنے آئی ہوں، دیکھ رہے ہو نا کہ قدرت کی لاٹھی کس طرح اپنا اثر دکھا رہی ہے۔

دوسروں کا احتساب کرتے ہوئے طاقت کے بل بوتے پر فرعون بننے والے اپنی باری پرمنہ چھپا کر جوتیاں چھوڑ کر بھاگ رہے ہیں ۔ لوگوں کو چور کہنے والے نے اپنی باری پر گھڑی بھی نہ چھوڑی ۔ عوام نے نواز شریف کے ساتھ ہونے والے ظلم کا سوموٹو نوٹس لے لیا ہے، اب سمجھ آئی مشکل وقت کا سامنا کرتے ہوئے کیوں منہ چھپانا پڑتا ہے ، اس لئے کہ کہیں چوری پکڑی نہ جائے۔

  مریم نواز نے کہا کہ ٹانگ پر پلاستر چڑھانے سے لے کر وہیل چیئر تک کی کہانی، منہ پر کالا ڈبہ اور کالی بالٹی چڑھانے کی کہانی، عدالتی احاطوں سے جوتی چھوڑ کر دوڑ لگانے کی کہانی اور اس کے مناظرآپ لوگوں نے اپنی آنکھوں سے دیکھے ۔ ان کا کہنا تھا کہ اس لئے منہ چھپانا پڑتا ہے کہ چوری کی ہوئی ہے، کہیں چوری پکڑی نہ جائے، خانہ کعبہ والی گھڑی بیچ کر پیسے کھا گیا۔

مخالفین دوسروں کا احتساب کرتے ہوئے فرعون بنے ہوئے تھے ۔ کہتے ہیں چور چوری سے جاتا ہے ہیرا پھیری سے نہیں جاتا۔ تم کہتے ہو تمہارا نشان بلا تھا، تمہارا انتخابی نشان بلا نہیں وہ ڈنڈا تھا جو اپنے ہاتھ میں پکڑا ہوتا تھا، وہ ڈنڈا تم نے پاکستان کی عوام اور روٹی پر چلایا۔مریم نواز کامزید کہنا تھا کہ اسے لاڈلے پن کی عادت تھی، اس کو عدالت سے گڈ ٹو سی یو سننے کی عادت تھی، اسے سہولت کاری کی عادت تھی، ”ہن او سہولت کاریاں نہیں ریاں“، اب اس کو سہولت کاری رہی نہ سہولت کار رہے، ان کے وکلا تیاری کر کے عدالت جایا کریں، اب فون کرا کے فیصلے لینے کی سہولت میسر نہیں، اب فیصلے لا کرے گا، اب مدر ان لا کے فیصلوں کی سہولت میسر نہیں۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی طرح سچے ہوتے تو ڈٹ کر کھڑے ہوتے، انشاءاللہ چوتھی بار بھی نواز شریف اقتدار میں آئے گا، ایسے لوگوں کو عبرت کا نشان ملتا ہے انتخابی نشان نہیں، پاکستان کی سرزمین سے اگرکوئی محبت کرتا ہے تو وہ نواز شریف ہے۔

Spread the love

اپنا تبصرہ بھیجیں