عدلیہ مخالف سوشل میڈیا مہم ، جے آئی ٹی نے 65افراد کو نوٹسز جاری کر دئیے ایف آئی اے نے نامزد ملزمان کو 30 اور 31 جنوری کو طلب کیا ہے جبکہ میڈیا اور سوشل میڈیا کی 47 مشہور شخصیات کو بھی نوٹس جاری کر دیئے گئے ہیں

عدلیہ مخالف سوشل میڈیا پر مہم کیخلاف ایف آئی اے اور جے آئی ٹی نے باقاعدہ تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے ۔ سپریم کورٹ کے چیف جسٹس اورریاستی اداروں کیخلاف غلط معلومات کی تشہیر پر 65 افراد کو نوٹس جاری کرتے ہوئے انہیں جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہونے کا کہا گیا ہے ۔ایف آئی اے نے نامزد ملزمان کو 30 اور 31 جنوری 2024 کو طلب کر لیا جبکہ میڈیا اور سوشل میڈیا کی 47 مشہور شخصیات کو بھی نوٹس جاری کر دیئے گئے ہیں۔

اس سلسلے میں اہم گرفتاریوں کا امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔جے آئی ٹی نے سوشل میڈیا پر عدلیہ مخالف مہم کے دوران منظر عام آنے والی متنازعہ ٹوئیٹ کرنے والے صحافیوں، یوٹیوبرز، سوشل میڈیا ایکٹوسٹ کیخلاف انکوائریاں شروع کیں تھیں۔

ایف آئی اے نے چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف سوشل میڈیا مہم کے الزام میں اپنی تحقیقات کے دوران 127 اکاﺅنٹس کی چھان بین کی جن میں سے 115 افراد کیخلاف باضابطہ انکوائریوںرجسٹرڈ کی گئیں تھیں جن میں سے غلط معلومات پھیلانے والے 65 افراد کو باقاعدہ نوٹسز جاری کئے گئے ہیں۔

وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے مزید کہا ہے کہ چیف جسٹس اور ریاستی اداروں کے خلاف غلط معلومات پھیلانے والے 47 افراد پر نظر رکھی جائے گی۔ واضح رہے کہ نگراں وفاقی حکومت نے چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور عدلیہ مخالف مہم چلانے والوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا تھا اور اس حوالے سے مشترکہ تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی گئی تھی۔ نگراں وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے اس سلسلے میں ایف آئی اے اور پی ٹی اے حکام کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ عدالتوں کے فیصلے عوام کی ملکیت ہوتے ہیں۔

ان فیصلوں پر تعریف اور تنقید کی آئین میں اجازت ہے لیکن ملک کے اندر اور باہر عدلیہ اور ججز کے خلاف گھٹیا مہم چلائی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس مہم میں کمی نہ آنے کے بعد وزارت داخلہ نے آئی بی،آئی ایس آئی، ایف آئی اے اور پی ٹی اے پر مشتمل جے آئی ٹی بنائی تھی اور ہم ملک کے اندر اور باہر لوگوں کو انتباہ کرتے ہیں کہ ایسی سرگرمیوں سے باز آ جائیں۔ عدلیہ مخالف مہم چلانے والوں کے خلاف آئین اور قانون کے مطابق قانونی کارروائی کی جائیگی اور 13 جنوری کے فیصلے کے بعد جو مہم چلائی گئی تھی اس کی بنا پر کارروائی ہو گی۔

Spread the love

اپنا تبصرہ بھیجیں