الیکشن کمیشن سے مطالبہ کرتے ہیں ہمارے راستے میں رکاوٹیں نہ ڈالی جائیں، بیرسٹر گوہر چیف الیکشن کمشنر نے ہمیں یقین دہانی کروائی تھی کہ مساوی سلوک ہوگا لیکن ہمیں لیول پلیئنگ فیلڈ تو کیا فیلڈ ہی نہیں دی گئی اور بلا بھی چھین لیا گیا۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس

تحریک انصاف کے رہنما گوہر خان نے کہا ہے کہ ہمیں لیول پلیئنگ فیلڈ تو کیا فیلڈ ہی نہیں دی گئی اور بلا چھین لیا گیا، ہم الیکشن کمیشن سے مطالبہ کرتے ہیں ہمارے راستے میں رکاوٹیں نہ ڈالی جائیں۔ سیکرٹری اطلاعات پی ٹی آئی رؤف حسن کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے ٹرائل اور الیکشن مہم کے مسائل پر بات کرنا چاہتا ہوں، نہ ہمیں کاغذات فراہم کیے گئے نہ ہی مخالفین سے سوالات کرنے کا موقع ملا، سائفر اور نیب کے کیسز سمیت الیکشن کمیشن کی توہین کا کیس بھی جیل میں ہی چل رہا ہے، صبح 8 سے شام 4 تک انتہائی جلد بازی میں کیس چلایا جارہا ہے، ملزم کی مرضی کے خلاف جج صاحب نے سرکاری وکلا کو متعین کردیا، سزائے موت کی طرف بڑھنے والے اس کیس میں عدل اور آئین کو نظر انداز کیا جارہا ہے۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر نے ہمیں یقین دہانی کروائی تھی کہ مساوی سلوک ہوگا، ہم الیکشن کمیشن سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ہمارے راستے میں رکاوٹیں نہ ڈالی جائیں، ہمارا مطالبہ ہے ہمیں بطور شہری اور سیاسی جماعت برابری کی سطح پر الیکشن لڑنے کے مواقع دیں، ہمیں پرامن طور پر برابری کی سطح پر الیکشن کا حصہ تو دور ہم سے فیلڈ ہی چھین لی گئی، بلا بھی چھین لیا جس کی وجہ سے ہمارے امیدوار آزاد نشان سے لڑ رہے ہیں لیکن وہ اپنی پارٹی کے ساتھ ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ شاندار پاکستان، شاندار مستقبل اور خراب ماضی سے چھٹکارا، یہ ہمارا نعرہ ہے، ایک جمہوری نظام میں وزیراعظم چیف ایگزیکٹو ہوتا ہے، حکومت میں آکر آئینی ترامیم تبدیلی کریں گے، وزیراعظم کا انتخاب عوام کی مرضی سے ہوگا جس کے لیے آئینی اصلاحات لے کر آئیں گے، جن کے ذریعے اسمبلی کی مدت چار سال کریں گے اور سینٹ کی مدت پانچ سال کریں گے، سینیٹ اصلاحات لے کر آئیں گے۔

Spread the love

اپنا تبصرہ بھیجیں