توشہ خانہ کیس میں 14 سال قید کی سزا پانے والی بشریٰ بی بی کو اڈیالہ جیل سے بنی گالہ منتقل کر دیا گیا ہے۔
سابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی بنی گالہ میں رہائش گاہ کو سب جیل قرار دیا گیا ہے۔اس سے قبل حکومت کی جانب سے بشریٰ بی بی کی منتقلی کے معاملے پر مختلف تجاویز پر غور کیا گیا تھا۔
قبل ازیں توشہ خانہ کیس میں سابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو سزا سنا دی گئی ہے۔
احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے توشہ خانہ کیس کی سماعت اڈیالہ جیل میں کی، دونوں کو 14،14 سال کی قید بامشقت کی سزا اور جرمانہ بھی کیا گیا۔
عدالت نے سابق چیئرمین پی ٹی آئی کو 10 سال کے لیے کسی بھی عوامی عہدے کیلئے نااہل بھی قرار دے دیا ہے۔
توشہ خانہ کیس میں عمران خان اور بشریٰ بی بی پر ایک ارب 57 کروڑ روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔
علاوہ ازیں سابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کی دورانِ عدت نکاح کیس خارج کرنے کی درخواستیں مسترد کردی گئیں۔
اسلام آبا دہائیکورٹ کا کہنا ہے کہ فردِ جرم عائد ہو چکی، ہائیکورٹ مداخلت نہیں کر سکتی،اسلام آباد ہائی کورٹ نے دوران عدت نکاح کیس کیخلاف درخواست نمٹا دی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے محفوظ فیصلہ سنایا،تفصیلی وجوہات تحریری فیصلہ میں جاری کی جائیں گی۔