الیکشن کے بعد پیپلز پارٹی کسی بھی سیاسی جماعت سے اتحاد کر سکتی ہے یہ طے ہے کہ جس جماعت کے پاس اکثریت ہو گی پہلے اسے حکومت کا موقع دیا جائے گا، بلاول بھٹو وزیراعظم بنا تو ملک میں کوئی سیاسی قیدی نہیں ہو گا۔آصف زرداری کا بیان

شریک چیئرمین پیپلز پارٹی آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ الیکشن کے بعد پیپلز پارٹی کسی بھی سیاسی جماعت سے اتحاد کر سکتی ہے۔انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ بلاول بھٹو کو وزیراعظم بنانے کی حکمت عملی پر کام جاری ہے۔یہ طے ہے کہ جس جماعت کے پاس اکثریت ہو گی پہلے اسے حکومت کا موقع دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی واحد جماعت ہو گی جو چاروں صوبوں سے نمائندگی حاصل کرے گی۔ بلاول بھٹو وزیراعظم بنا تو ملک میں کوئی سیاسی قیدی نہیں ہو گا۔بلاول درست کہہ رہے ہیں کہ کسی کی ماں بہن جیل میں نہیں ہونی چاہئیے۔ماضی میں مجھے اور میری بہن کو جیل میں رکھ کر غلط روایت ڈالی گئی۔قبل ازیں آصف علی زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو پتہ ہے کہ ملک کو برے حالات سے کیسے نکالنا ہے،پہلے بھی ملک کو برے حالات سے نکالا تھا، آگے بھی نکالیں گے جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے کہوٹہ کے لیے بڑی ترقیاتی اسکیمیں لانے کا اعلان کردیا۔

منگل کو یہاں انتخابی جلسے سے خطاب میں آصف علی زرداری نے کہوٹہ میں ہسپتال، سڑکیں، میڈیکل کالج، یونیورسٹی بنانے کے ساتھ گیس کی سہولت فراہم کرنے کا اعلان کیا۔انہوں نے کہا کہ ملک برے حالات میں ہے، ہم برے حالات سے نکالنا جانتے ہیں، پہلے بھی ملک کو برے حالات سے نکالا ہے۔پی پی چیئرمین نے کہا کہ میں آپ کے پاس آتا جاتا رہوں گا، پاکستان کو دوبارہ بنائیں گے، ہر چیز وہ گی جو عوام کی خواہش ہوگی۔

انہوںنے کہاکہ اسلام آباد کو یہ نہیں پتا کہ کہوٹہ کہاں ہے، یہاں آنیکے لیے ان کو راستہ ڈھونڈنا پڑتا ہے، یہاں بہت ٹھنڈ ہے اور راستہ خراب بھی ہے، پہلا اعلان کرتا ہوں کہ یہاں سڑک بنائوں گا۔آصف علی زرداری نے کہا کہ عوام کا جوش و جذبہ دیکھ کر خوشی ہوئی، آپ کے مسائل حل کریں گے، ہم پاکستان کو دوبارہ بنائیں گے اور بدلیں گے۔انہوں نے کہا کہ کہوٹہ کے عوام کو گیس سمیت تمام سہولیات فراہم کریں گے، یہاں اسپتال، میڈیکل کالج اور یونیورسٹی بھی بنائیں گے۔سابق صدر نے کہا کہ ملک برے حالات میں ہے مگر ہم ملک کو برے حالات سے نکالنا جانتے ہیں۔

Spread the love

اپنا تبصرہ بھیجیں