پیپلز پارٹی سے نجات کیلئے سب کو ایک پلیٹ فارم پر آنا ہوگا، مصطفیٰ کمال تمام جماعتوں نے ہمیں آپشن کے طور پر پیش کیا ہے، مصطفیٰ کمال

ایم کیوایم کے رہنما مصطفیٰ کمال کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی سے نجات دلانے کے لیے سب کو ایک پلیٹ فارم پر آنا ہوگا۔ ایم کیوایم، جی ڈی اے اور جے یوآئی کے اتحاد سے سندھ کے عوام کو امید کی کرن نظر آئی ہے۔

سندھ میں پیپلزپارٹی کو ٹف ٹائم دینے کیلئے اتحادی جماعتیں سر جوڑ کر بیٹھیں۔ کراچی میں فنکشنل ہاؤس میں ایم کیوایم، جی ڈی اے اور جے یوآئی کے رہنماؤں کی ملاقات ہوئی۔

اہم بیٹھک میں عام انتخابات میں سیاسی اتحاد، الیکشن کو شفاف بنانے کی حکمت عملی اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

جی ڈی اے رہنما سردار رحیم کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہا کہ اتحاد سے سندھ میں لوگوں کو امید ملی ہے، تمام جماعتوں نے ہمیں آپشن کے طور پر پیش کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ لوگ ایک یونین کونسل ماڈل کے طور پر پیش نہیں کرسکتے۔

ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی والے دہشت گردی پر اتر آئے ہیں، پولیس ان کی ہے ایف آئی آر درج نہیں ہورہی ہے، وہ پولیس اور غنڈوں پر جیت نہیں سکتے۔

رہنما ایم کیو ایم نے کہا کہ ہمارے انتخابی کیمپوں پر حملے کیے جا رہے ہیں، ان تمام حالات کے باوجود پیپلز پارٹی کو شکست ہوگی وہ کسی صورت کامیاب نہیں ہوں گے

انہوں نے کہا کہ اگر ڈاکٹر عاصم حسین کے خلاف ایف آئی آر درج ہوتی تو یہ واقعہ نہ ہوتا، ایم کیو ایم ان حالات سے پہلے بھی گزر چکی ہے۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ لوگ ہمارے ساتھ جڑ رہے ہیں، 15 سال میں جاکر وہ نہیں کہہ سکتے کہ ہم لاہورسانگھڑ جیسا بنا دیں گے

اس موقع پر جی ڈی اے کے سیکرٹری اطلاعات سردار عبدالرحیم نے ایم کیو ایم کے انتخابی کیمپ پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ دیہی سندھ سے بہترین خبریں آرہی ہیں۔ جی ڈی اے اور اس کی اتحادی جماعتوں کے امیدواروں کو زبردست پذیرائی مل رہی ہے۔

واضح رہے کہ ملاقات میں عبدالکریم شیخ، افتخار عالم، اسلم غوری، حماداللہ شاہ، مفتی کلیم اللہ اور قاری زرداد احمد بھی شریک تھے۔

Spread the love

اپنا تبصرہ بھیجیں