پاکستان مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ آﺅ آج جلاوٴ، گھیراوٴ کا دور ختم کر دیں،میں سب کچھ بھلانے کو تیار ہوں، پی ٹی آئی کے نوجوانوں کو پیغام دیتی ہوں کہ وہ بھی نفرت کی سیاست کو دفن کردیں۔قصورکھڈیاں میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ان کا مزید کہنا تھاکہ ہر سروے نے مخالفین کے جھوٹے دعوﺅں کے پرخچے اڑا دئیے ہیں،ن لیگ مقبولیت میں تمام جماعتوں کو پیچھے چھوڑ گئی،تازہ ترین سروے میں (ن) لیگ مقبول ترین جماعت قرار پائی۔
مریم نوازنے کہاکہ کہا گیا کہ نواز شریف کی سیاست ختم ہو گئی ہے اور مخالفین متواتر پروپیگنڈہ کرتے رہے کہ نواز شریف تاریخ کا حصہ بن گئے ہیں۔ظلم اور جبر کی ہر حد کو پار کیا گیا۔ مگر آج سیاست نواز شریف سے شروع اور انہی پر ختم ہو رہی ہے، ملک میں نواز شریف کے علاوہ کسی کی بات نہیں ہوتی ہے۔
مخالفین کی تقریر بھی نواز شریف سے شروع ہوکر نواز شریف پر ختم ہوتی ہے مگر (ن) لیگی قیادت نے مخالفین پر ذاتی تنقید نہیں کی۔
ان کا کہنا تھا کہ میں آج وعدہ کرتی ہوں کہ تمام مظالم بھلانے کو تیار ہوں۔ پاکستان کے عوام کی شکر گزار ہوں کہ پاکستان کی بیٹیوں اور بہنوں کو گرفتار کرے چکیاں پیسنے پر لگادیا گیا، نواز شریف کی کردار کشی کی گئی اور مجھے بھی نہیں بخشا گیا، ہم پر کیچڑ اچھالی گئی، لیکن ان کے خلاف فیصلے آئے تو ہم نے ان پر تنقید نہیں کی۔مریم نواز نے مزید کہا کہ قصور کے لوگ نواز شریف سے بہت محبت کرتے ہیں۔
قصور کے عوام کو دیکھ کر دل خوش ہوگیا ہے۔ نواز شریف نے انتخابی مہم کا آخری جلسہ قصور میں کرکے اپنی محبت کاثبوت دیا ہے۔میں نے اسی جدوجہد میں اپنی ماں کھوئی ہے جو کبھی واپس نہیں آئے گی۔عوام نے ہر ظلم، ہرجبرسہا لیکن نواز شریف کا ساتھ نہیں چھوڑا۔میں خواب دیکھتی ہوں ایسا پاکستان کا جہاں پر امن،بھائی چارہ اور سلامتی ہو۔