معلومات ملی ہیں شرپسند دہشت گردی کا منصوبہ بنا رہے ہیں، وزیر اطلاعات سندھ بلوچستان سے آگے تک کی سرحد بہت لمبی ہے جہاں سے دہشت گرد آسکتے ہیں، احمد شاہ

نگراں وزیر اطلاعات سندھ محمد احمد شاہ کا کہنا ہے کہ ہمارے پاس معلومات ہیں کچھ شرپسند دہشت گردی کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔

سندھ اسمبلی بلڈنگ میں ایپکس کمیٹی کے اجلاس کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے نگران صوبائی وزیر اطلاعات محمد احمد شاہ نے کہا کہ آج اپیکس کمیٹی میں اعلیٰ قیادت سمیت تمام ایجنسیز کے نمائندہ گان موجود تھے۔

انہوں نے کہا کہ ایپکس کمیٹی میں موبائل سروس بند کرنے کے حوالے سے کوئی معاملہ زیر بحث نہیں آیا۔

وزیر اطلاعات محمد احمد شاہ نے کہا کہ کسی کو بھی الیکشن کے دن قانون ہاتھ میں لینے نہیں دیں گے، اسلحے کی نمائش پر زیرو ٹالرنس ہے، اسلحے کی نمائش پر گرفتار بھی کریں گے اور ایف آئی آر بھی کاٹیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ کراچی میں بھی بیلٹ پیپرز کل سے تقسیم ہونا شروع ہو جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ کراچی، مٹیاری، سانگھڑ، شکار پور حساس ضلع ہیں۔ ایپکس کمیٹی میں اطلاعات آئی ہیں کہ کچھ لوگ دہشت گردی کا پلان کر رہے ہیں۔ ہم دہشت گردی کے کسی بھی واقعے سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان سے آگے تک کی سرحد بہت لمبی ہے جہاں سے دہشت گرد آسکتے ہیں۔

Spread the love

اپنا تبصرہ بھیجیں