پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ 8 فروری کے بعد میں حکومت بنانے کا جشن منا رہا ہوں گا ، میں نئی سوچ کے ساتھ وزیراعظم بننا چاہتا ہوں، اس ملک کو شہبازشریف کی طرح نہیں چلانا چاہتا۔ انہوں نے اے آروائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ووٹ کو عزت دو کے نعرے والے تین صوبوں کی عوام کے پاس نہیں گئے، نوازشریف نے مناظرے موازنے کا چیلنج قبول نہیں کیا جس پر افسوس ہوا، پوری دنیا میں نامزد وزیراعظم اور صدور کے امیدوارمیڈیا کے سامنے بیٹھ کر مباحثہ کرتے ہیں۔
بارش کے بعد بھی مناظرے کیلئے تیار تھا، کراچی کے حوالے سے ان کا جھوٹا پروپیگنڈا بے نقاب ہوگیا، حفیظ پاشا نے پاکستان کے تمام صوبوں کا موازنہ کیا سندھ پنجاب سے ہر شعبے میں آگے ہے۔
یہ سروے شہبازشریف کی کابینہ میں شامل وزیر کے شوہر نے کیا۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ میں نئی سوچ کے ساتھ وزیراعظم بننا چاہتا ہوں، اس ملک کو شہبازشریف کی طرح نہیں چلانا چاہتا۔
ہم نے مل کر قوم کے مفاد میں شہباز شریف کو وزیراعظم بنانے کا فیصلہ کیا۔ کرسی کا شوقین ہوتا تو اس وقت ہی شہبازشریف کی بجائے خود وزیراعظم بن جاتا، ہم نے 16ماہ خلوص نیت سے پاکستان کی خدمت کی، پاکستان کا کھویا ہوا مقام واپس لانے کیلئے بھرپور محنت کی، ہم نے سمجھا تھا کہ اپنے مورچے سنبھالیں گے اور ووٹ کو عزت دلائیں گے، لیکن ان کی نیت کچھ اور تھی معاشی بحران کے حل میں بھی دل چسپی نہیں تھی بس انہیں کسی نہ کسی طرح حکومت میں آنا تھا، یہ چاہتے ہیں کچھ بھی کرکے نوازکو چوتھی بار وزیراعظم بنانا ہے، 8فروری کے بعد میں جشن منا رہا ہوں گا کیونکہ میں حکومت بنانے جارہا ہوں۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ میاں صاحب کی اب وہ نیت نہیں کہ ان کے ساتھ اتحاد پر غور کروں۔