ہمارے ساتھ انصاف ہو تو حکومت بنانے کی پوزیشن میں ہیں، علی محمد خان

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما علی محمد خان نے کہا ہے کہ اگر ہمارے ساتھ انصاف ہو تو ہم حکومت بنانے کی پوزیشن میں ہیں۔

پی ٹی آئی کے رہنما علی محمد خان نے ہم نیوز کے پروگرام “ہم دیکھیں گے منصور علی خان کے ساتھ” میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کی کور کمیٹی کا اجلاس ہوا اور اجلاس میں آصف زرداری سے رابطہ کی کوئی بات نہیں ہوئی تاہم ہو سکتا ہے شیر افضل مروت کے ساتھ آصف علی زرداری کا کوئی رابطہ ہوا ہو لیکن میرے علم میں نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ سابق چیئرمین پی ٹی آئی نے علی امین گنڈا پور کو وزیراعلیٰ کے لیے نامزد کیا ہے اور علی امین گنڈاپور کو خیبر پختونخوا میں تجربہ بھی ہے اس لیے وہ ڈیلیور کریں گے۔

علی محمد خان نے کہا کہ ہماری لڑائی کی سیاست کرنے کا کوئی ارادہ نہیں اور نہ یہ ملک کے مفاد میں ہے۔ “کرپشن کے خلاف جنگ، زرداری کے سنگ” والا سلوگن کچھ زیادہ مزیدار نہیں۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے ساتھ حکومت میں بیٹھنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا اور اگر ہمارے ساتھ انصاف ہو تو ہم حکومت بنانے کی پوزیشن میں ہیں۔ آپ کو ایک مضبوط جمہوری سسٹم اور انتہائی تگڑی عدلیہ چاہیئے۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ بات چیت ہر کسی سے ہونی چاہیئے اور پاکستان کی خاطر سب کو ایک قدم پیچھے ہٹنا ہو گا جبکہ کوئی بھی نہیں چاہتا تھا کہ وہ پارلیمنٹ سے باہر آئے۔

Spread the love

اپنا تبصرہ بھیجیں