پاکستان تحریک انصاف کے رہنما روف حسن نے کہا ہے کہ الیکشن کے نام پر بہت بڑا ڈاکا ڈالا گیا ہے، کمشنر راولپنڈی نے کہا 70،70ہزار کی لیڈ کو ہم نے شکست میں بدلی ہے۔
ہم نیوز کے پروگرام ” پاکستان ٹو نائٹ ود سید ثمر عباس ” میں گفتگو کرتے ہوئے روف حسن نے کہا کہ کل ہم نے میڈیا کے سامنے حقائق کےساتھ اپنا کیس پیش کیا تھا، یہ پاکستان کی الیکٹرول تاریخ کا سب سے بڑا فراڈ تھا۔
ہم نے جو کچھ کل کہا تھا کمشنر راولپنڈی کے الفاظ اس کا ثبوت ہیں، الیکشن کے نام پر بہت بڑا ڈاکا ڈالا گیا ہے۔ کمشنر راولپنڈی نے کہا 70،70ہزار کی لیڈ کو ہم نے شکست میں بدلی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم ایک سیاسی جماعت ہے، ہمارے کچھ آئینی حقوق ہیں ، ہم پارلیمنٹ کے اندر اور باہر بھی اپنے حقوق کی جنگ لڑیں گے، سوموار کو ایک بہت اہم سماعت ہورہی ہے۔
کمشنر کے بیان میں چیف جسٹس کا بھی ذکر ہے، چیف جسٹس اس بینچ میں اپنی ذات کو شامل نہ کریں، ہماری درخواست ہے کہ چیف جسٹس نیا بینچ تشکیل دے۔
رہنما تحریک انصا ف کا کہنا تھا کہ ہماری چوری کی گئی سیٹیں واپس مل جائیں تو ہم اپوزیشن میں نہیں بیٹھیں گے اور اگر سیٹیں واپس نہیں کی جاتیں تو ہم اپوزیشن بینچز پر ہی بیٹھیں گے۔
خیبر پختونخوا میں ہم نے پی ٹی آئی کا پلیٹ فارم ہی استعمال کرنے کافیصلہ کیا ہے، تحریک انصاف کے پلیٹ فارم سے مخصوص نشستیں حاصل کرنے کی کوشش کریں گے۔ ہم تمام سیاسی جماعتوں سے بھی رابطے کررہے ہیں۔
انکا کہنا تھا کہ جنہوں نے سابق چیئرمین پی ٹی آئی کو چھوڑا تھا انہوں نے اپنی سیاسی قبریں کھودی تھیں، جو پارٹی چھوڑ کر گئے ہیں ،ہم ان کو دوبارہ پارٹی میں شامل کرنا نہیں چاہتے۔
روف حسن کا مزید کہنا تھا کہ ہم ثبوت کے ساتھ الیکشن کمیشن کے پاس جائیں گے، وہاں ہماری شنوائی نہ ہوئی تو ٹریبونلز کے پاس جائیں گے، اور اگر الیکشن ٹریبونلز سے بھی شنوائی نہ ہوئی تو ہائیکورٹ اور سپریم کورٹ جائیں گے۔