پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی کی کوآرڈینیشن کمیٹیوں کے آج ہونے والے اجلاس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے، جس کے مطابق معاملات کو حتمی شکل دینے کیلئے پیر کو ایک اور بیٹھک لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
کوآڈینیشن کمیٹی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی کی کوآرڈینیشن کمیٹی کا ایک تفصیلی اجلاس ہوا جس میں دونوں اطراف کی جانب سے دی گئی تجاویز پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
اجلاس میں مسلم لیگ (ن) کی نمائندگی سینیٹر اسحاق ڈار، سردار ایاز صادق، سینیٹر اعظم نذیر تارڑ اور ملک محمد احمد خان نے کی۔
جبکہ پیپلز پارٹی کا وفد سید مراد علی شاہ، قمر زمان کائرہ، سعید غنی، ندیم افضل چن، نواب ثنا اللہ زہری، شجاع خان اور سردار بہادر خان سیہڑ پر مشتمل تھا۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ معاملات پر پیش رفت ہوئی ہے اور دونوں فریقین نے معاملات کو حتمی شکل دینے کے لیے مزید سفارشات کے لئے پیر دوبارہ بیٹھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
کواڈینیشن کمیٹی کا کہنا ہے کہ ایک مضبوط جمہوری حکومت ہی مستحکم پاکستان کی ضمانت ہے۔
واضح رہے کہ مسلم لیگ ن، پیپلزپارٹی، ایم کیو ایم، بلوچستان عوامی پارٹی سمیت دیگر جماعتوں نے مل کر حکومت بنانے کا اعلان کیا ہے۔
مسلم لیگ ن نے وزارت عظمیٰ کے لیے شہباز شریف کو نامزد کیا ہے جبکہ بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ وہ آصف زرداری کو صدر دیکھنا چاہتے ہیں۔
بلاول بھٹو نے یہ بھی کہا تھا کہ پیپلزپارٹی ن لیگ کو وزیراعظم کے لیے ووٹ ضرور دے گی مگر وزارتیں نہیں لیں گے۔