پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے خیبر پختونخوا کے نامزد وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ 9 مئی ہم نے نہیں کیا کروایا گیا تھا، وقت آئے گا تو ثابت کریں گے کس نے کروایا۔ پشاور میں صحافیوں سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صوبے کے حقوق کے لیے ضرور بات کریں، سب کو میرا ساتھ دینا ہو گا، ہم خیرات نہیں مانگ رہے لیکن حقوق ضرور لیں گے، خاموش رہنے کی وجہ سے صوبے کا یہ حال ہوا ہے، تمام پارٹیوں کو آن بورڈ کروں گا، اگر میری گرفتاری سے پاکستان کا فائدہ ہوتا ہے تو میں تیار ہوں۔
علی امین گنڈا پور کا کہنا ہے کہ 9 مئی ہم نے نہیں کیا اس پر انکوائری کرائی جائے گی، اس روز کچھ پی ٹی آئی کے سپورٹر گئے تو انہیں کیوں نہیں روکا گیا؟ رانا ثناء اللّٰہ کے گھر تو نہیں جانے دیا تھا، جس نے پریس کانفرس نہیں کی اسے پکڑا جا رہا ہے، میرے خلاف لاہور، میانوالی سمیت 9 اضلاع میں ایف آئی آرز ہیں
وزارت اعلیٰ کے نامزد امیدوار نے کہا کہ ہم نے ان باتوں کو چھوڑ کر اب آگے بڑھنا ہے، اداروں کی اصلاح کرنی ہے، ایسا قوانین لائیں گے کہ کوئی غیر قانونی کام نہ کر سکے، پی ایم پورٹل سیل کی طرح صوبائی کمپلینٹ سیل بنا رہے ہیں، ہم کوئی انتقامی کارروائی نہیں کریں گے، عمران خان نے کہا ہے فوج اور پولیس سمیت تمام ادارے ہمارے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ صوبے کی سطح پر ہماری لیگل ٹیم بنی ہوئی ہے، عدالت میں درخواست دے رہے ہیں کہ ہم اپنی پارٹی میں ہی چلے جائیں، تاہم مختلف جماعتوں سے سیاسی الحاق کی بات چیت چل رہی ہے، کابینہ کی تشکیل پر بھی کام جاری ہے ، کابینہ کے حوالے سے حتمی فیصلہ سابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان ہی کریں گے۔