ایم کیوایم پاکستان نے بھی ن لیگ سے سندھ کی گورنرشپ کا مطالبہ کر دیا بغیر کسی اہم عہدے کے 17 نشستوں والی جماعت کے ساتھ اتحاد نہیں کیا جاسکتا،ذرائع ایم کیو ایم

ایم کیوایم پاکستان نے بھی مسلم لیگ ن سے سندھ کی گورنرشپ کا مطالبہ کر دیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان اور مسلم لیگ ن کے درمیان اج اسلام آباد میں مذاکرات ہوں گے۔ اجلاس میں فیصلہ ہوگا کہ ایم کیو ایم کو سندھ کی گورنرشپ ملے گی یا نہیں ۔ ایم کیوایم پاکستان اہم مذاکرات میں گورنرسندھ کے عہدے پر اصرار کرے گی۔

ذرائع ایم کیو ایم پاکستان کا کہنا ہے کہ بغیر کسی اہم عہدے کے 17 نشستوں والی جماعت کے ساتھ اتحاد نہیں کیا جاسکتا،ذرائع ایم کیو ایم پہلے بلدیاتی نظام اور آئینی ترمیم پر بات ہوگی اس کے بعد کابینہ میں شرکت کا فیصلہ ہوگا۔یہاں واضح رہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلز پارٹی کے درمیان وفاق میں حکومت سازی کیلئے معاملات طے پا چکے ہیں۔

مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے قائدین کی جانب سے اس حوالے سے پریس کانفرنس میں مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا ۔ پریس کانفرنس کے دوران بلاول بھٹو زراری نے کہا کہ حکومت بنانے کیلئے مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے نمبرز پورے ہو چکے، امید ہے شہباز شریف دوبارہ وزیر اعظم منتخب ہوں گے۔ شہباز شریف وزارت عظمٰی کیلئے جبکہ آصف زرداری صدر کے عہدے کیلئے مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے مشترکہ امیدوار ہوں گے۔

وزیر اعظم کے الیکشن کے بعد صدر مملکت کے الیکشن ہوں گے۔ وزارت عظمٰی کیلئے پیپلز پارٹی ن لیگ کے امیدوار شہباز شریف کی حمایت کرے گی جبکہ صدر مملکت کے الیکشن میں ن لیگ ہمارے امیدوار آصف زرداری کی حمایت کرے گی۔ اس موقع پر شہباز شریف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرے لیے اعزاز کی بات ہے کہ مجھے وزیر اعظم کے عہدے کیلئے نامزد کیا گیا ہے۔

نئی حکومت بنانے کیلئے ہمارے نمبرز پورے ہو چکے، ایم کیو ایم، مسلم لیگ ق سمیت سب اتحادیوں کو ساتھ لے کر چلیں گے، مشاورت سے آگے بڑھیں گے۔ ہمارا ارادہ تھا کہ آزاد امیدوار کے پاس اگر تعداد پوری ہے تو وہ حکومت بنائیں تو یہ اپوزیشن میں بیٹھ کر اپنا کردار ادا کریں گے، لیکن ان کے پاس مطلوبہ تعداد نہیں ہے۔ آصف زرداری اور بلاول بھٹو کا تعاون کرنے پر شکریہ ادا کرتا ہوں۔

Spread the love

اپنا تبصرہ بھیجیں