سی ایس ایس 2022 کے تحریری امتحان میں چیٹنگ کا کیس سامنے آگیا

فیڈرل پبلک سروس کمیشن کے سی ایس ایس 2022 کے تحریری امتحان میں پیپرز میں چیٹنگ کا کیس سامنے آگیا ہے۔

 دستاویزکے مطابق سی ایس ایس 2022 کے دوامیدواروں کا اپنے پیپرز کی جوابی کاپیاں تبدیل کروانے کا انکشاف ہوا ہے، سی ایس ایس کے دونوں امیدواران کا تعلق کراچی سے ہے۔ یہ دونوں امیدواران کراچی سے سی ایس ایس 2022 کے تحریری امتحان میں شامل ہوئے تھے۔

سی ایس ایس کے اسیسمنٹ میں پرفارم نہ کرنے پرپبلک سروس کمیشن کی ٹیم کو دونوں کی کی صلاحیت پر شک ہوا، فیڈرل پبلک سروس کمشن کے گریڈ 16 کے افسر نے مبینہ دس لاکھ کی رشوت لے کر امیدواروں کی جوابی کاپیاں تبدیل کروائی تھیں۔

فیڈرل پبلک سروس کمشن کی تحقیقات میں بھی پیپرز تبدیل کرنے کا انکشاف اس وقت ہوا ہے جب فیڈرل پبلک سروس کمشن کی اپنی انٹرنل کمیٹی نے سی ایس ایس 2022 کے تحریری امتحان کی چیٹنگ کی تحقیقات شروع کی، ڈائریکٹر جنرل کمیشن انصرگوندل نے ایف آئی اے میں کیس درج کرادیا ہے۔

ایف آئی اے نے سی ایس ایس 2022 کے تحریری امتحان میں چیٹنگ کی تحقیقات بھی شروع کردی، دونوں امیدواران علی شیراور ہلار احمد اور ایف پی ایس سی کے ندیم محمد کیخلاف پرچہ درج کیا جا چکا ہے، سیکرٹری فیڈرل پبلک سروس کمشن نے معاملہ کی تصدیق کردی ہے۔

سیکرٹری فیڈرل پبلک سروس کمشن نے ہم نیوزسے گفتگوکی اور بتایا ہے کہ سارے معاملے کی ایف آئی اے تحقیقات کررہی ہےاور کہا ہے کہ فیڈرل پبلک سروس کمشن تمام مقابلے کے امتحانات کے نظام کو شفاف رکھنے کی کوشش جاری رکھے گا۔

Spread the love

اپنا تبصرہ بھیجیں