ایلون مسک کا انکار ، ٹرمپ کو صدارتی الیکشن میں بڑا جھٹکا دونوں سابق اور موجودہ صدور کو اپنی انتخابی مہم چلانے کیلئے فنڈز کی قلت کا سامنا ہے

ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے ارب پتی مالک ایلون مسک نے اعلان کیا ہے کہ ان کا صادرتی مہم کیلئے صدر بائیڈن یا سابق صدر ٹرمپ کو پیسے دینے کا بالکل بھی کوئی ارادہ نہیں ہے۔

نیو یارک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق ایلون مسک کا یہ بیان فلوریڈا میں ٹرمپ سے ہفتے کے آخر میں مبینہ طور پر ملاقات کے بعد سامنے آیا، کیونکہ ٹرمپ کو مبینہ طور پر اپنی صدارتی مہم کے لیے نقد رقم کی تلاش ہے۔

ایلون مسک نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا ’واضح کردوں کہ میں امریکی صدر بننے کے لیے کسی بھی امیدوار کو پیسے نہیں دے رہا‘۔

خیال رہے کہ رپورٹ کے مطابق دونوں سابق اور موجودہ صدور کو اپنی انتخابی مہم چلانے کیلئے فنڈز کی قلت کا سامنا ہے۔

ٹرمپ کی بڑھتی ہوئی قانونی فیسیں ان کی مہم کا بھٹہ بٹھا رہی ہیں، جبکہ بائیڈن کی مہم کو کچھ نقد فائدہ حاصل ہے۔

فوربز کے مطابق ایلون مسک دنیا کے امیر ترین لوگوں میں سے ایک ہیں، جن کی مجموعی مالیت 195 بلین ڈالر سے زیادہ ہے۔

حالانکہ انہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ کسی بھی مہم میں چندہ نہیں دیں گے، اس کے باوجود مسک سیاست پر تبصرہ کرنے میں آگے آگے رہتے ہیں۔

مسک نے نومبر میں نیویارک ٹائمز کی ڈیل بک سمٹ میں کہا تھا کہ ’میں بائیڈن کو ووٹ نہیں دوں گا، لیکن میں یہ نہیں کہہ رہا کہ میں ٹرمپ کو ووٹ دوں گا۔‘

Spread the love

اپنا تبصرہ بھیجیں